مختلف ریاستوں کے اسمبلی انتخابی نتائج پر کے سی آر کی نظر
حیدرآباد: ٹی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ نے قومی سیاست میں حصہ لینے کے فیصلہ کو بنگال ، آسام ، ٹاملناڈو و کیرالا اسمبلی انتخابات تک موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر انتخابی نتائج کے بعد فیصلہ کریں گے۔ اس وقت تک مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی سے ٹکراؤ کی بجائے مصالحت کی پالیسی اختیار کی جائیگی ۔ پانچ ریاستوں کا انتخابی عمل جون تک مکمل ہوجائیگا۔ ایسے میں قومی سیاست کا منظر نامہ واضح ہوجائیگا ۔ ان ریاستوں میں بی جے پی کا علاقائی جماعتوں سے مقابلہ ہے۔ بنگال و ٹاملناڈو میں علاقائی جماعتیں برسر اقتدار ہیں، جبکہ کیرالا میں بی جے پی کو بائیں بازو محاذ سے مقابلہ ہوگا۔ تلنگانہ میں چیف منسٹر کی تبدیلی پر گزشتہ ماہ سے جاری قیاس آرائیوں کو کے سی آر نے اگرچہ ختم کردیا لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ مئی کے بعد چیف منسٹر کی تبدیلی کے بارے میں فیصلہ ہوگا اور کے سی آر قومی سیاست پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ دہلی میں ٹی آر ایس پارٹی آفس کے تعمیری کام کا توقع ہے کہ مئی میں آغاز ہوگا۔ تلنگانہ میں بی جے پی کی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے کے سی آر نے سیاسی حکمت عملی تبدیل کردی وہ بیک وقت کانگریس و بی جے پی سے ٹکراؤ کی بجائے مرکز سے مصالحت سے نمٹنا چاہتے ہیں ۔