قومی شاہراہوں پر مساجد اور قبرستانوں کی حفاظت کا فیصلہ

   

ہائی ویز اتھاریٹی اور ریونیو عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے موقف کی وضاحت کی
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے قومی شاہراہ کی تعمیر کے دوران اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ پولیس ، ریونیو اور نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی کے عہدیداروں کے ساتھ قومی شاہراہ پر موجود مساجد، قبرستانوں اور دیگر اوقافی جائیدادوں کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وقف بورڈ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں کسی بھی عبادت گاہ کو منہدم کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ شمس آباد میں سڑک کی توسیع کے سلسلہ میں مسجد کی اراضی حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی کو چاہئے کہ وہ مسجد کو جوں کا توں برقرار رکھتے ہوئے متبادل راستہ اختیار کرے اور سڑک کی توسیع کی جائے ۔ شمس آباد کے علاوہ ہائی ویز پر موجود دیگر مساجد اور قبرستانوں کے تحفظ کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت جاری کی گئیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ توسیعی کاموں سے قبل وقف بورڈ کو اطلاع دی جانی چاہئے تاکہ وقف بورڈ عبادت گاہوں اور وقف جائیدادوں کے بارے میں اپنے موقف کی وضاحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ حکومت تمام مذاہب کا یکساں طورپر احترام کرتی ہے اور کسی بھی عبادت گاہ کو منہدم کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ انہوں نے بتایا کہ جی او 15 کے تحت اوقافی جائیدادوں کے رجسٹریشن کو روکنے کی تمام رجسٹریشن دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے تمام ضلع کلکٹرس اور ریونیو حکام کے پاس وقف جائیدادوں کا ریکارڈ روانہ کردیا گیا تاکہ تحفظ میں سہولت ہو۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف جائیدادوں اور اراضیات کو کسی فرد کے نام پر منتقل نہیں کیا جاسکتا۔ اجلاس میں شریک نیشنل ہائی ویز اور ریونیو عہدیداروں نے تیقن دیا کہ سڑک کی توسیع کے کاموں کی وقف بورڈ کو قبل از وقت اطلاع دی جائے گی تاکہ اوقافی جائیدادوں کے بارے میں حقیقی صورتحال سے واقفیت ہو۔ محمد سلیم نے کہا کہ عبادت گاہوں کا تحفظ وقف بورڈ کی ذمہ داری ہے اور وہ کسی بھی پراجکٹ کے لئے مساجد کو شامل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ سڑک کے توسیعی کاموں میں جہاں کہیں بھی مساجد یا قبرستان آئیں گے ، ان کا مکمل تحفظ کیا جائے گا ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد پرکاش ریڈی ، اگزیکیٹیو انجنیئر آر اینڈ بی نیشنل ہائی ویز دھرما ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ وقف بورڈ کے ارکان مولانا اکبر نظام الدین صابری ، انوار بیگ اور نثار حسین حیدر آغا بھی اجلاس میں شریک تھے ۔