فیوچر سٹی تا امراوتی گرین فیلڈ ہائی وے کا منصوبہ، تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں ہائی ویز کی تعمیر، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں تعمیر کی جانے والی قومی شاہراہوں کے لئے اراضی کے حصول اور معاوضہ کی ادا ئیگی کے کام میں تیزی پیدا کریں۔ انہوں نے معاوضہ کی ادائیگی کے معاملہ میں عہدیداروں کو انسانی ہمدردی کے جذبہ کے تحت کام کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو قومی شاہراہ کی تعمیر سے ہونے والے فائدہ کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے اراضی حوالے کرنے کی ترغیب دی جائے۔ انہوں نے متنازعہ اراضیات کے معاملات کی عاجلانہ یکسوئی کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے آج قومی شاہراہوں کی تعمیر کے مسئلہ پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے مختلف پراجکٹس کیلئے رقمی منظوری ، اراضیات کے حصول اور متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی پر چیف منسٹر نے تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ معمولی وجوہات کے سبب کاموں میں رکاوٹ ٹھیک نہیں ہے۔ عہدیداروں کو آپسی تال میل کے ذریعہ مسائل کو حل کرنا چاہئے۔ انہوں نے قومی شاہراہوں کے لئے اراضیات کے حصول کے کام میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے بھارت فیوچر سٹی سے امراوتی اور مچھلی پٹنم تک 12 لائین پر مبنی گرین فیلڈ ہائی وے کی تعمیری کاموں کی عاجلانہ منظوری کیلئے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے عہدیداروں سے خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ فیوچر سٹی میں ڈرائی پورٹ ، لاجیسٹک پارک اور انڈسٹریل پارک کے قیام کا منصوبہ ہے ۔ گرین فیلڈ ہائی وے کی تعمیر سے دونوں ریاستوں کی دارالحکومتوں کے درمیان رابطہ مستحکم ہوگا۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے منظوری حاصل کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت دی۔ حیدرآباد تا وجئے واڑہ 70 کیلو میٹر فاصلہ کے سبب دونوں ریاستوں کے درمیان گرین فیلڈ ہائی پراجکٹ اہمیت کا حامل ہے۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد تا سری سیلم ایلیویٹیڈ کوریڈار کی عاجلانہ منظوری کا مرکزی حکومت کے اداروں سے مطالبہ کیا۔ منچریال تا ورنگل اور کھمم تا وجئے واڑہ قومی شاہراہ کی تعمیر کے علاوہ آرمور تا جگتیال ، جگتیال تا کریم نگر شاہراہوں کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ انہوں نے اراضیات کے حصول کے سلسلہ میں عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے ان کے دفتر کی تعمیر کیلئے دو ایکر اراضی الاٹ کرنے کی نیشنل ہائی وے اتھاریٹی سے خواہش کی ۔ اجلاس میں وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی ، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا۔ مختلف اضلاع کے کلکٹرس نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اجلاس میں شرکت کی ۔1