قومی شاہراہ کے متاثرین کو مناسب معاوضہ دیا جائے

   

سڑک کی توسیع کے سبب کئی مکانات اور زمینوں کو نقصان : جگاریڈی

سنگاریڈی۔ 10 اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی پی سی سی کے کارگزار صدر جگا ریڈی نے کہا کہ سنگا ریڈی کے قریب کندی کے رہائشی جو سنگاریڈی مدینا گوڈا نیشنل ہائی وے کی توسیع کے سبب اپنی زمینیں اور مکانات کھو رہے ہیں، انہیں منصفانہ اور مناسب معاوضہ دیا جائے انہوں نے کہا کہ کندی کے عوام گزشتہ سو سال سے سڑک کے دونوں جانب آباد ہیں، اور اب ہائی وے کی توسیع سے ان کے گھروں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ جگا ریڈی نے نیشنل ہائی وے حکام سے مشورہ دیا کہ وہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے انسانی بنیادوں پر کارروائی کریں جگا ریڈی نے میڈیا کے ذریعے ضلع کلکٹر سے بھی اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں دوستانہ اور انسانی رویہ اختیار کریں تاکہ دیہاتیوں کے ساتھ انصاف ہو سکے انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ ریاستی حکومت کے دائرے میں نہیں بلکہ مرکزی حکومت کے اختیار میں آتا ہے، لہٰذا اگر ضرورت پڑی تو وہ اس سلسلے میں وزیر اعظم اور مرکزی وزراء سے بھی بات کریں گے جگا ریڈی نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے نیشنل ہائی وے کے عہدے داروں کو موقع پر لا چکے ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ ہر متاثرہ شخص کو قانون کے مطابق بہترین معاوضہ ملے۔