قومی شاہراہ 44 پر آئندہ ہفتہ سے ٹریفک تحدیدات

   

شاستری پورم میں روڈ اوور بریج ، مزید 10 دن پابندیاں برقرار
حیدرآباد ۔ 3 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بنگلور ہائی وے پر آرام گھر تا پرانا پل گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندیاں عائد کرنے سے متعلق سائبر آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ماہ نومبر میں ٹریفک ایڈوائزری جاری کی جاچکی ہے ۔ تاہم اسے نافذ کرنے کے لیے مزید چند دن درکار ہوں گے کیوں کہ اس سلسلہ میں ضروری اقدامات ہنوز کئے جارہے ہیں ۔ شیام سندر ریڈی ، سی آئی ( ٹریفک ) راجندر نگر نے کہا کہ ’ ہم مصروف ترین قومی شاہراہ نمبر 44 کا تنگ حصہ سمجھے جانے والی آرام گھر تا پرانا پل روڈ پر پوری طرح ٹریفک تحدیدات عائد کرنے سے قبل ٹریفک مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک جامع انداز اختیار کرنے پر توجہ دے رہے ہیں ۔ اگرچیکہ تحدیدات کا اعلان کیے ایک ہفتہ سے زیادہ کا عرصہ ہورہا ہے ، اوڑم گڈہ ، شاستری پورم میں تحدیدات عائد کرنے کے لیے کم از کم 10 دن درکار ہوں گے جہاں روڈ اوور بریج (RoB) کا کام جلد ہی شروع ہوگا ۔ اس مصروف قومی شاہراہ پر پرانا پل تا آرام گھر دو بریجس کے کام ایک ساتھ ہورہے ہیں جب کہ اوڑم گڈہ ریلوے ہالٹ پر آر او بی کا کام جلد شروع ہوگا اور اس کام کی تکمیل میں آسانی کے لیے تحدیدات عائد کی جائیں گی ۔ جب بہادر پورہ پی ایس تا زو پارک بریج کا کام جاری ہے ۔ جی ایچ ایم سی نے اسی روڈ پر ایس آر ڈی پی کے تحت 636.80 کروڑ روپئے لاگت سے زو پارک تا آرام گھر ایک اور فلائی اوور کی تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مٹی کے معائنہ کا کام ستمبر میں مکمل ہوگیا جب کہ اسٹرکچرل فارمیشن کا کام جاری ہے ۔ داتوپنت ، سپرنٹنڈنگ انجینئر ( پراجکٹس ) ، ساوتھ زون ، جی ایچ ایم سی کے مطابق ’ زو پارک تا آرام گھر 119 پائیرس پر تقریبا 4.5 کلو میٹر طویل چھ لین گریڈ سپریٹر ( فلائی اوور ) بنایا جائے گا ۔ اس پراجکٹ میں لیول 1 میں 10m کے 12 پلرس اور لیول 2 میں اسی سائز کے 107 پلرس ہوں گے ۔ اس کے علاوہ کالمس کے درمیان 0.240 کلو میٹر Viaduct Length کے ساتھ آٹھ پورٹل پائیرس ہوں گے ‘ ۔ اس پراجکٹ کی جملہ لاگت میں ، انہوں نے کہا کہ ’ تعمیراتی کاموں کے لیے تقریبا 300 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں جب کہ مابقی 336.80 کروڑ روپئے حصول اراضی کے معاوضہ کی ادائیگی ، عمارتوں کو منہدم کرنے ، پائیپس کی تبدیلی اور برقی کے کاموں کے لیے مختص کئے گئے ہیں ۔ یہ فلائی اوور 2023 تک مکمل ہوگا ۔ مجوزہ پلان کے مطابق اس پراجکٹ میں جیسے 2018 میں منظور کیا گیا ، 180 میٹر کے چھ ڈاؤن ریمپس اور 240 میٹر کے آٹھ اپ ریمپس ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے اطراف ایک مکمل انرسرکل بنانے کے لیے ایک کے بعد دیگر تعمیر کئے جارہے سلسلہ وار گریڈ سپریٹرس کے حصہ کے طور پر مصروف قومی شاہراہ 44 پر فلائی اوورس کی تعمیر کی جارہی ہے اور اس سے شہر میں ٹریفک کا مسئلہ حل ہوگا ۔۔