قومی صدر بی جے پی امیت شاہ کی بالاکوٹ فضائی حملے کو ہندو دہشت گردی قرار دینے کا کانگریس کی مذمت

   

ناگپور ۔ /9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج صدر کانگریس راہول گاندھی کی دنیا بھر میں ہندوؤں کو بدنام کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کو مذہب سے مربوط کررہے ہیں ۔ کانگریس پر تنقید جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب پورا ملک خوشی منارہا تھا تو بالاکوٹ میں دہشت گرد کیمپ پر ہندوستان کے فضائی حملے پر کانگریس میں غم منایا جارہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے وایاناڈ میں انتخابی جلسہ امیتھی کے علاوہ جنوبی ہند کی ریاست میں دوسری لوک سبھا نشست کیلئے صدر کانگریس کی امیدواری ہے کیونکہ انہیں امیتھی سے کامیاب ہونے کا کوئی یقین نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس میں دھماکے کے ملزمین میں کانگریس نے سوامی اسیمانند کو بھی شامل کرلیا تھا اور اس طرح ہندوؤں کو دنیا بھر میں بدنام کرنے کی کوشش کی تھی لیکن انہیں عدالت نے بری کردیا اور یہ کانگریس کے گال پر زبردست طمانچہ ہے ۔ عدالت نے کہا کہ ہندو دہشت گردی جیسی کوئی چیز نہیں ہے ۔ راہول گاندھی کو پوری ہندو برادری سے انتخابات سے پہلے اپنے تبصروں کیلئے معذرت خواہی کرنی چاہئیے ۔ انہوں نے عوام سے جو انتخابی جلسہ میں شریک تھے سوال کیا کہ بالاکوٹ فضائی حملہ پاکستان کی سرزمین پر ہوا تھا ہندوستان کی سرزمین پر نہیں ۔ جبکہ پاکستان نے ہندوستان کی سرزمین پر ضلع پلوامہ میں سڑک سے گزرنے والے سی آر پی ایف قافلہ پر دہشت گرد حملہ کرکے 40 سی آر پی ایف سپاہیوں کو ہلاک کردیا تھا ۔