قومی لوک عدالت کی کامیابی کیلئے وکلاء کا تعاون ضروری

   

سنگاریڈی عدالت کے احاطہ میں اجلاس سے ضلع پرنسپل جج جی بھوانی کا خطاب

سنگاریڈی 24 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ضلع پرنسپل ڈسٹرکٹ جج جی۔ بھوانی چندر نے کہا ہے کہ قومی لوک عدالت کی کامیابی کے لیے وکلا کا تعاون نہایت ضروری ہے۔قومی اور ریاستی قانونی خدمات اتھارٹیز کی ہدایات کے مطابق، ضلع سنگاریڈی میں 28 مارچ کو منعقد ہونے والی قومی لوک عدالت کے پیش نظر عدالت کے احاطے میں وکلا کے ساتھ ایک آگاہی اجلاس منعقد کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جج جی۔ بھوانی چندر نے کہا کہ قابلِ مفاہمت مقدمات جیسے پولیس کیسز، میاں بیوی کے درمیان معمولی تنازعات، ایکسائز اور بینک سے متعلق مقدمات کو لوک عدالت کے ذریعے آسانی اور جلدی حل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے تنازعات کیلئے عدالتوں کے چکر لگانے کے بجائے فریقین کو باہمی مفاہمت سے مسائل حل کر کے پرامن زندگی گزارنی چاہیے۔ مزید برآں، وکلا سے اپیل کی کہ وہ لوک عدالت کی کامیابی کے لیے اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں اور سائلین کو مناسب انصاف اور معاوضہ دلانے میں کردار ادا کریں۔اجلاس میں سینئر سول جج ڈی وی آر تیجو کارتھک، بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری مہیش سمیت دیگر سینئر اور جونیئر وکلا نے شرکت کی۔