قومی و سماجی مسائل پر عامر علی خان کی مضبوط گرفت

   

کابینہ میں شمولیت ضروری ، سنگاریڈی کی مشہور شخصیت الحاج محمد محمود علی اسیر کا بیان
سنگاریڈی 21 اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر سنگاریڈی کی معروف شخصیت جناب الحاج محمد محمود علی اسیر الہاشمی چیرمین خاک طیبہ فاونڈیشن سنگاریڈی نے جناب عامر علی خان ایم ایل سی و نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے بیان سے متاثر ہوکر اپنے ایک یوم کا پنشن سیاست ملت فنڈ میں عطیہ دے دیا۔ جناب محمد محمود علی اسیر الہاشمی نے جناب عامر علی خان کی بحیثیت ایم ایل سی نامزدگی کا خیرمقدم کرتے ہوے کہا کہ کانگریس قیادت نے دانشمندانہ فیصلہ کرتے ہوے ایم ایل سی کے لیے ملت کے ہمدرد جناب عامر علی خان کا انتخاب کیا ہے جس کے لیے راہول گاندھی اور ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کرتے ہیں لیکن کانگریس کی اعلیٰ قیادت کا یہ انتخاب اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتا جب تک کہ جناب عامر علی خان کو تلنگانہ کابینہ میں بحیثیت وزیر شامل نہیں کیا جاتا۔ تلنگانہ میں عرصہ دراز بعد ایک غیر سیاسی فرد جو قوم و ملت کی بے لوث خدمت کا جذبہ رکھتا ہو اور بحیثیت صحافی سماجی و ملی مسائل پر گرفت رکھتا ہو کو ایم ایل سی بنایا گیا جس کا ہر گوشہ سے خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ تلنگانہ کے مسلمان جناب عامر علی خان سے بڑی توقعات وابستہ کی ہوئی ہے۔ کانگریس اگر تلنگانہ کے مسلمانوں کے مسائل کی یکسوئی اور ان کی ترقی چاہتی ہے تو فوری جناب عامر علی خان کو وزیر بناے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تلنگانہ کے عام مسلمانوں کی آواز اور خواہش کا احترام کرتے ہوے عامر علی خان کو کابینہ میں شامل کریں۔ عامر علی خان نے ایم ایل سی بننے پر مبارکباد دینے والے خیرخواہوں سے کہا کہ وہ گلدستہ اور پھول کے ہار لاکر اپنے محنت کی کمائی کو ضائع نہ کریں۔ عامر صاحب کے اس بیان سے متاثر ہوکر جناب محمد محمود علی اسیر الہاشمی نے انہیں کو گلدستہ و شال پیش کرنے کی بجاے اپنے ایک دن کا پنشن مبلغ دو ہزار 258 روپیہ سیاست ملت فنڈ میں جمع کرواتے ہوے مستحسن اقدام کیا۔