قومی پرچم ترنگا کی صدی تقاریب منانے ہنمنت راؤ کا مطالبہ

   


حیدرآباد: سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے قومی پرچم ترنگا کی تیاری کے 100 سال کی تکمیل پر مرکز سے تقاریب منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے قومی پرچم کی توہین پر افسوس کا اظہار کیا لیکن قومی پرچم کی صدی تقاریب سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پی وی نرسمہا راؤ کی صدی تقاریب منائی جارہی ہے ، اسی طرح قومی پرچم کی صدی تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا جائے۔ قومی پرچم تیار کرنے والے پنگلی وینکیا کا تعلق تلنگانہ سے ہے اور سوریا پیٹ میں انہوں نے پرچم کو قطعیت دی تھی جسے گاندھی جی نے قومی پرچم کے طور پر قبول کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس نے بھی پنگلی وینکیا کو نظر انداز کردیا ہے ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے قومی پرچم کی صدی تقاریب منانے کی اپیل کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو قومی سطح پر قومی پرچم کی صدی تقاریب کا فیصلہ کرنا ہوگا تاکہ مجاہد آزادی کو بہتر خراج پیش کیا جاسکے۔