قومی پرچم تیار کرنے والے مجاہد آزادی کا مکان سوریہ پیٹ میں

   

وی ہنمنت راؤ نے دورہ کیا، 100 سال کی تکمیل پر خراج
حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج سوریا پیٹ ضلع میں ہندوستانی قومی پرچم تیار کرنے والے مجاہد آزادی پنگلی وینکیا کے بنگلہ کا دورہ کرتے ہوئے مجاہد آزادی کو خراج پیش کیا۔ انہوں نے منگالا منڈل کے اُس دیہات کا دورہ کیا جہاں پنگلی وینکیا نے قیام کیا تھا۔ یہ بنگلہ این وینکٹ رنگاراؤ کے تحت ہے۔ پنگلی وینکیا نے اسی بنگلہ میں قیام کرتے ہوئے ہندوستان کیلئے قومی پرچم تیار کیا تھا جسے 21 اپریل 1921 کو ملک کے قومی پرچم کے طور پر منظوری دی گئی۔ اس موقع پر وی ہنمنت راؤ نے قومی پرچم لہرایا اور پرچم کے ساتھ گاؤں کے مختلف علاقوں میں پدیاترا کی۔ انہوں نے کہا کہ پنگلی وینکیا کی جانب سے قومی پرچم کی تیاری کو 100 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ اس موقع پر مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے اس عظیم قائد کو نظرانداز کردیا ہے۔ انہوں نے قومی پرچم کی تیاری کی صدی تقاریب منانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ 26 جنوری کو وہ سوریا پیٹ پہنچ کر تاریخی بنگلہ کے روبرو قومی پرچم لہرائیں گے۔ اس موقع پر ضلع کانگریس کے صدر وینکنا یادو، پردیش کانگریس کے ترجمان لکشمن یادو، لکشمی نارائن ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔