سونیا گاندھی کو ہنمنت راؤ کا مکتوب، ٹیگور اور وینکیا کو نظر انداز کرنے کی شکایت
حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ملک میں قومی پرچم کے ڈیزائن کرنے والے آنجہانی پنگلی وینکیا کی صدی تقاریب منانے کی خواہش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کی طرح قومی پرچم کے تیار کرنے والے مجاہد آزادی کو خراج پیش کرنے کیلئے ایک سالہ طویل صدی تقاریب منائی جائے۔ انہوں نے یکم اپریل 1921 کو وجئے واڑہ کے جمخانہ گراؤنڈ پر قومی پرچم لہرایا تھا جسے ملک کے قومی پرچم کے طور پر قبول کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں قومی پرچم کی تیاری کی یاد گار کے طور پر پنگلی وینکیا کو خراج پیش کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اور تلنگانہ حکومت کو اس سلسلہ میں پہل کرنی چاہیئے۔ پنگلی وینکیا نے تلنگانہ کے سوریا پیٹ میں قیام کرتے ہوئے قومی پرچم تیار کیا تھا۔ ہنمنت راؤ نے مکتوب میں کہا کہ جدوجہد آزادی کے دوران مہاتما گاندھی نے پنگلی وینکیا کی جانب سے تیار کردہ پرچم کو قومی پرچم کے طور پر قبول کیا لیکن افسوس کہ حکومتوں کی جانب سے اسے نظرانداز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رابندر ناتھ ٹیگور نے قومی ترانہ تحریر کیا جس کو 103 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے افسوس کا اظہار کا کہ مرکزی حکومت سردار ولبھ بھائی پٹیل کی صدی تقاریب منارہی ہے لیکن رابندر ناتھ ٹیگور اور پنگلی وینکیا کو فراموش کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی کے سی آر حکومت نے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی صدی تقاریب کا اعلان کیا ہے لیکن تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے پنگلی وینکیا کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کانگریس پارٹی کی جانب سے صدی تقاریب کے اعلان کی اپیل کی ہے۔