حیدرآباد،30اکتوبر(یواین آئی) آندھراپردیش میں ان دنوں ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہوگیا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ قومی پرچم کو پینٹ کے ذریعہ مٹاتے ہوئے حکمران جماعت وائی ایس آرکانگریس کے رنگ اس کی جگہ لگایاجارہا ہے ۔اس خصوص میں اپوزیشن تلگودیشم کے قومی جنرل سکریٹری نارالوکیش نے ویڈیو کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے منظر عام پر لایا ۔ لوکیش جو اے پی کے سابق وزیراعلی و تلگودیشم کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو کے فرزند ہیں نے قومی پرچم کا احترام نہ کرنے پر برسراقتدار جماعت کے لیڈروں پر شدید نکتہ چینی کی۔یہ واقعہ دراصل ضلع اننت پور کے امراپورم منڈل کے تمڈا پلی گاوں کے ولیج سکریٹریٹ کا ہے ۔اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد انٹرنیٹ کا استعمال کرنے والوں نے حکومت پر شدید تنقید کی۔