نئی دہلی: قومی کونسل برائے اردو زبان کی سالانہ اردو کانفرنس کی منسوخ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہریت ترمیمی قانون کی مسلسل مخالفت کے بعد حکومت کی جانب سے ادارہ پر کانفرنس منسوخ کرنے کا دباؤ ڈالا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 26 تا28 فروری کو اردو کونسل کی جانب سے تقریبات منعقد ہونی تھی لیکن اب اسے منسوخ کردیا گیا ہے۔ اس اردو کا نفرنس میں ہندوستان کے علاوہ بیرون ممالک سے وابستہ اردو ادب کی اہم ترین شخصیتوں کومدعو کیا گیا تھا۔
دسری جانب اردو کونسل کے ڈائرکٹر شیخ عقیل احمد نے اس بات کو پوری طرح مسترد کردیا کہ مرکزی حکومت نے ان پر دباؤ ڈال کر کانفرنس کو منسوخ کروایا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ منسوخ کئے جانے کی اصل وجہ یہ ہے کہ بیرون مہمانوں کو ویزا نہیں مل پایا تھا جس کی وجہ سے کانفرنس منسوخ کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ مہمانوں نے کرونا وائرس کے سبب کانفرنس میں شرکت کرنے سے معذرت چاہ لی۔ انہوں نے کہا کہ اردو کانفرنس بین الاقوامی معاملہ ہے اور سی اے اے ملک کا اندرونی مسئلہ ہے۔ اردو کونسل کے عہدیداروں نے بتایا کہ نئی تاریخ کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔