قومی یکجہتی سے ہی امن کی برقراری اور ریاست کی ترقی ممکن

   

کریم نگر میں دعوت افطار پروگرام سے ریاستی وزیر گنگولا کملاکر اور ضلع کلکٹر کا خطاب

کریم نگر ۔ آئندہ نسلوں کے سنہرے مستقبل و تمام مذاہب کی یکساں ترقی کے لئے راہیں ہموار کی جائے۔ امن و امان کی برقراری سے ہی ریاست کی ترقی ممکن ہے ، ریاستی وزیر برائے بہبود پسماندہ طبقات و سیول سپلائیز گنگولاکملاکر نے یہ بات کہی۔ بروز پیر ضلع انتظامیہ کریم نگر کے زیر قیادت دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر برائے پسماندہ طبقات و سیول سپلائیز گنگولا کملاکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے مقدس ماہ میں مسلمان روزے رکھتے ہیں انہوں نے روزہ داروں سے تمام کے بہبود کے لئے اللہ سے دعا کی گذارش کی۔ ضلع ریاست و ملک کی ترقی کے لئے تمام مذاہب مسلم ، ہندو ، سکھ، عیسائی اتحاد کو بنائے رکھیں اور یکجہتی کے ساتھ آئندہ نسلوں کے سنہرے مستقبل کے لئے راہیں ہموار کرنے کا پیام دیا۔ ضلع کلکٹر کریم نگر آر وی کرنن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تمام مذاہب کے تہوار کا یکساں اہمیت کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا جارہاہے اسی ضمن ضلع انتظامیہ کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا ۔ جاریہ سال ضلع کریم نگر کو رمضان گفٹ پیاکٹس کے لئے حکومت کی جانب سے 15لاکھ منظور کئے گئے ۔ جاریہ ماہ کی 28 اور 29 تاریخ کو ضلع میں گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جائیگی۔ اس موقع پر شعیب لطیف نے وزیر موصوف گنگولا کملاکر، مئیر سنیل راؤ ، ضلع کلکٹر آر وی کرنن ، ضلع پریشد صدر نشین وجیا کو قرآن مجید بطور تحفہ پیش کیا۔ اس اجلاس میں ضلع عہدیدار برائے اقلیتی بہبود مدھوسودھن ، تحصیلدار سدھاکر ، سابقہ مئیر عباس سمیع ، کارپوریٹروں ، شعیب لطیف ، مسلم بزرگان دین و دیگر نے شرکت کی۔