قومی یکجہتی و بھائی چارگی کو فروغ دینے کی کوشش

   

میدک میں عید ملاپ تقریب، مختلف محکمہ کے عہدیداروں کی شرکت اور خطاب، تہنیت کی پیشکشی

میدک ۔ 7 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک ٹاؤن میں جماعت اسلامی ہند۔ میدک مسلم اسوسی ایشن (MMA) اور مقامی تنظیم ’’گنگا جمنا تہذیب‘‘ کے اشتراک سے ایک تقریب ’’عید ملاپ‘‘ کا کرسٹل گارڈنس پر انعقاد عمل میں آیا۔ جس کی صدارت صدر جماعت اسلامی ہند میدک محمد فاضل حسین، صدر ایم ایم اے، عمر خان عکاذ اور صدر تنظیم گنگا جمنا محمد وسیم نے کی۔ اس تقریب میں بلدیہ میدک کے وائس چیرمین ڈی نریش، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس میدک پرسنا کمار، صدر بار اسوسی ایشن عدالت میدک کے جناردھن ریڈی نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ ڈی نریش وائس چیرمین بلدیہ میدک نے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقاریب قومی یکجہتی کے فروغ اور ملک میں بھائی چارگی و امن کی فضاء کو فروغ دینے میں معاون ہوتی ہیں۔ نریش نے کہا کہ کسی بھی شہر میں مذہبی منافرت و تنگدستی کے خاتمہ کے لئے ہندو مسلم اتحاد کے استحکام کے لئے تمام مذاہب کے پیشواؤں و زی اثر معتبر شخصیتوں کو لے کر ایک مشترکہ تنظیم تشکیل دی جائے۔ پھیلتی ہوئی فرقہ پرستی کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔ ڈی ایس پی میدک پرسنا کمار نے کہا کہ ہر مذہب کے ماننے والوں کو چاہئے کہ آپس میں اتحاد بھائی چارگی کو مضبوط کرے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ شہر میں امن کی فضاء کے استحکام کے لئے ایسی تقاریب معاون ہوگی۔ امن میں بگاڑ پیدا کرنے والوں پر پولیس کی کڑی نظر رہے گی اور اس مقصد میں کامیابی کے لئے پولیس کو عوامی تعاون بھی ضروری ہے۔ صدر بار اسوسی ایشن عدالت میدک جناردھن ریڈی نے جماعت اسلامی، ایم ایم اے اور گنگا جمنا تنظیم کے ذمہ داروں کی خوب ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر مذہب کی کتاب میں یکجہتی کا درس ملتا ہے۔ تلگو مقرر محمد رفیع نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند کا مقصد ہیکہ ملک میں اتحاد کو استحکام ملے، مذہبی منافرت کا خاتمہ ہو۔ اس موقع پر صدر ایم ایم اے عمر خاں عکاذ، معتمد ایم ایم اے ڈاکٹر شجاعت علی صوفی، چرچ آف ساؤتھ انڈیا میدک کے فادرس شابنّا، سنجیو راؤ، مولانا سید عابد علی ندوی، سرکل انسپکٹر میدک مہیش، سابق پبلک پراسیکیوٹر ایڈوکیٹ شیخ فضل احمد، بی جے وائی ایم کے ستیش، ایڈوکیٹ کروناکر کونسلر بلدیہ ایم انجنیلو، نظیر احمد نے بھی مخاطب کیا۔ کونسلر بلدیہ میدک زبیر مہتاب نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ حافظ سید شفیع اللہ حسینی کی قرأت کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ سبھی شرکا کا عشائیہ اور شیرخورما کے ساتھ تواضع کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر حالیہ منتخب بلدیہ کونسلرس مسرز عبدالسمیع، امداد علی، غوث قریشی، خواجہ سہیل محی الدین، احمد عارف، زبیر احمد، ایم انجنیلو، شیورام کرشنا، سدی راملو، بھرت گوڑ، مایا ملیشم، سمپت، کے ویشوم، راج شیکھر، پوسالہ سنتوش، شرون، ہریتا، نرسنگ کے علاوہ تمام مہمانوں کو تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کے قائدین ظفر اللہ طاہر، سید سعادت علی، ذکی، شیخ یحییٰ، گنگا جمنا تہذیب کے سلیمان بابو، ایم اے روؤف، محمد نجیب کے علاوہ الحاج سید غفار نیازی، مفتی صابر علی قاسمی کے علاوہ دیگر معزز شخصیتوں کی شرکت ہوئی۔