قومی یکجہتی ڈائمنڈ جوبلی سہ روزہ پروگرام کا جائزہ

   

انضمام تلنگانہ کے 75 سال کی تکمیل پر باوقار پروگرام منائے جائینگے: پرشانت ریڈی
نظام آباد :14 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر عمارت و شوراع مسٹر پرشانت ریڈی نے آج جدید کلکٹریٹ میں واقع اپنے چیمبر میں ضلع کلکٹر سی نارائن ریڈی، پولیس کمشنر ناگاراجو، عہدیداروں اور ضلع پریشد چیرمین وٹھل رائوکے ہمراہ قومی یکجہتی ڈائمنڈ جوبلی تین روزہ پروگرام پر تفصیلی طور پر جائزہ لیا ۔ اس موقع پر عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے 16؍ ستمبر سے ڈائمنڈ جوبلی پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے یہ پروگرام 16,17,18 ؍ ستمبر تک انجام دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ15؍ اگست 1947 ء کو ملک کو آزادی حاصل ہوئی لیکن17 ؍ ستمبر 1948 ء کے روز تلنگانہ کا انضمام عمل میں آیااور اس کے 75 سال مکمل ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ریاستی حکومت باوقار طور پر پروگرام کو انجام دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور ایک سال تک ان پروگراموں کو انجام دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 16؍ ستمبر کے روز سے سہ روزہ پروگراموں کو بھی انجام دیا جارہا ہے اور ہر حلقہ میں 15 ہزار افراد پر مشتمل ریالی نکالی جائے گی اور یہ ریالی کے بعد جلسہ عام بھی منعقد کیا جائیگا اور تلنگانہ کی اہمیت کے بارے میں مقررین اپنے خطاب میں تلنگانہ کی تاریخ کو بیان کریں گے 17؍ ستمبر کو قومی یکجہتی کے طور پر مناتے ہوئے تمام سرکاری دفاتر اور گرام پنچایت کی عمارتوں پر قومی ترنگا لہرایا جائیگا اور 15؍ اگست کی طرز پر اس پروگرام کو انجام دیا جائیگا ۔ ضلع کے انچارج وزیر کی حیثیت سے کلکٹریٹ میں قومی پرچم کو لہرائونگا اور اس روز حیدرآباد میں منعقدہ پروگرا م میں شرکت کیلئے ضلع سے تعلق رکھنے والے 3500 ایس ٹی طبقہ سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندے ، طلباء کو خصوصی بسوں کے ذریعہ لے جائیگا اور ان کیلئے کھانے کی سہولت بھی انجام دی جائیگی ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ 18؍ ستمبر کے روز کلچرل پروگرام انجام دیا جارہا ہے ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے عوام سے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کامیاب بنانے کی خواہش کی ۔ اس اجلاس میں اڈیشنل کلکٹر چندر شیکھر ، میونسپل انچارج کمشنر چترا مشرا، ڈی آر ڈی او چندر کے علاوہ ڈی ای او درگا پرساد و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔
چنتا پربھاکر صدر نشین ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو مبارکباد
سداسواپیٹ : 14 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن سوسائٹی ضلع سنگاریڈی عبدالرافع التمش نے صدر ٹی آر ایس پارٹی ضلع سنگاریڈی چنتا پربھاکرسابق رکن اسمبلی کو تلنگانہ ہنڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر نشین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔عبدالرافع التمش نے اس انتخاب پر وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر رائو سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چنتا پربھاکر ایک حرکیاتی قائد ہیں بحیثیت رکن اسمبلی سنگاریڈی حلقہ میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں وہ ہمیشہ عوام کی درمیان رہنے والے مقبول لیڈر ہیں وہ ایک سکیولر قائد کے طور پر بھی اپنی ممتاز شناخت رکھتے ہیں۔
اردو میڈیم طلباء و طالبات میں یونیفارم کی تقسیم
سرپور ٹاون14 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاون گرلز اپرپرائمری اسکول اردو میڈیم میں زیر تعلیم طلباء و طالبات میں ریاستی حکومت کی جانب سے منظور کیے گئے یونیفارم تقسیم کئے گئے, تفصیلات کے مطابق سرپور ٹاون گرلز اپرپرائمری اسکول اردو میڈیم اسکول میں آج ریاستی حکومت کی جانب سے منظور کیے گئے یونیفارم کو اسکول مینجمنٹ کمیٹی چیئرمین محمد عفت حسین، منڈل پرشد معاون رکن سید خضر حسین، ڈپٹی سرپنچ ٹو ٹا مہیش، ایم پی ڈی یو راجیشور، ہیڈ ماسٹر بشیر الدین، عزیز خان، ایم پی ٹی سی شیلجا نانی کے ہاتھوں اردو میڈیم اسکول میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات میں یونیفارم تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر مقامی اردو میڈیم اسٹاف شاہانہ سلطانہ۔ باریک رآؤ، شہناز بیگم اور دوسرے بھی موجود تھے۔
سائبر جرائم پر عوام میں
شعور بیداری پروگرام
یلاریڈی: 14 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل کے ملیا پلی علاقہ میں پولیس اے ایس آئی محمد عبدالمجیب صدیقی نے عوام کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں ٹریفک قواعد پر عمل آوری سے متعلق شعور دلاتے ہوئے انہیں سائبر جرائم سے متعلق آگاہ کیا اور مختلف آن لائین دھوکہ دہی سے واقف کروانے، چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ آئے دن عوام کو نامعلوم افراد فون کالس کے ذریعہ لالچ دینے پر معصوم لوگ ان کے فریبی باتوں میں پھنس کر اپنی کثیر رقم سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ ایسے نامعلوم لالچی فون کالس سے ہوشیار رہنے کی صلاح دی۔ اس موقع پر مقامی عوام اور پولیس عہدیدار موجود تھے۔