معیشت کے احیاء کیلئے اقدامات ضروری ۔ عوام بھوکے نہیں مرنے چاہئیں۔ رندیپ سرجیوالا
نئی دہلی 28 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس پارٹی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا کہ وہ 3 مئی کے بعد کورونا وائرس لاک ڈاون سے اخراج پر اپنی حکمت عملی کو واضح کریں۔ پارٹی نے کہا کہ قوم اس بات کی منتظر ہے ۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہا کہ وزْر اعظم سے امید ہے کہ وہ موجودہ بحران جیسی کیفیت میں قوم کی قیادت کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر وزیر اعظم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بتدریج معیشت کا احیاء عمل میں لائیں اور معاشی سائیکل کو موقع فراہم کریں۔ سماجی دوریوں اور دوسرے اقدامات کا خیال کرتے ہوئے یہ اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ عوام فاقہ کشی کا اشکار نہ ہونے پائیں۔ سرجیوالا نے کہا کہ چیف منسٹرس کی جانب سے وزیر اعظم سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قوم کو بتائیں کہ لاک ڈاون سے نکلنے کی حکمت عملی کیا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو معاشی محاذ پر اور صحت کے محاذ پر اپنی حکمت عملی کو واضح کرنے کی ضرورت ہے ۔ لاک ڈاون کے بعد حکومت کے اقدامات کیا ہونگے اس کو واضح کرنے کی ضرورت ہے ۔ 3 مئی کے بعد کا روڈ میاپ کیا ہوگا وہ بتایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو یہ بھی بتانے کی ضرورت ہوگی کہ ان کا دوسرا معاشی ایکشن پلان کیا ہوگا جیسا کہ سونیا گاندھی اور کئی دوسرے ماہرین نے بھی مطالبہ کیا ہے ۔ حکومت کو فاقہ کشی کو روکنے اور تارکین وطن مزدوروں کو بچانے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے اور معیشت کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے ۔ چھوٹی اور اوسط تجارتوں کو بحال کرنا ہوگا ۔ سرجیوالا نے کہا کہ پارٹی لیڈر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ لاک ڈاون کورونا وائرس کو روکنے کا ایک عارضی اقدام ہے ۔ اس سے وائرس ختم نہیں ہوگا ۔ اس پر بھی حکومت کو اپنی حکمت عملی کو واضح کرنے کی ضرورت ہے ۔ لاک ڈاون کے بعد وائرس کو روکنے حکومت کیا اقدامات کریگی یہ واضح کیا جانا چاہئے ۔
