قوم و ملت کیلئے حافظ پیر شبیر احمد کی یادگار خدمات

   

ڈاکٹر قاضی عبدالماجد نظامی جمعیت العلماء ضلع کرنول اور آندھرا پردیش کے دیگر علماء کا اظہار ِتعزیت
کرنول ۔ 19 اکٹوبر (ای ۔میل) جمعیت العلماء تلنگانہ کے صدر الحاج حافظ پیر شبیر احمد کے انتقال پر آندھرا پردیش کے علماء نے دلی تعزیت اور رنج و غم کا اظہار کیا اور ضلع کرنول سے علماء کے وفد نے حیدرآباد پہنچ کر جنازہ اور تدفین میں شرکت کی۔ مولانا ڈاکٹر قاضی عبدالماجد نظامی اور ناظمِ اعلیٰ مفتی عبدالباسط قاسمی نے جمعیت العلماء تلنگانہ کے صدر حافظ پیر شبیر احمدکے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم 1993 سے مسلسل جمعیت کے فعال و متحرک صدر رہے جنہوں نے جنوبی ہند میں جمعیت کے نظریات کے فروغ، تنظیمی استحکام، اصلاحِ معاشرہ، تحفظِ ختم نبوت، اور فتنۂ ارتداد کی سرکوبی میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ان کی قیادت میں متحدہ آندھرا پردیش میں مسلمانوں کیلئے تعلیم و ملازمت میں ریزرویشن کا حصول ایک تاریخی کارنامہ ہے، جس سے لاکھوں نوجوان آج بھی مستفید ہو رہے ہیں۔سیاسی و سماجی میدان میں بھی حافظ صاحب مرحوم کی خدمات یادگار رہیں۔ وہ ایم ایل سی اور ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین رہے اور ہر منصب پر ملت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائے رکھا۔آپ کی ایک امتیازی خصوصیت تھی کہ آپ جمعیت کے کارکنان کی بہت زیادہ حوصلہ افزائی کرتے تھے اور ان کے خدمات کو بھی بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے۔ ہر کارکن کی محنت کو سراہتے ہوئے اسے مزید کام کرنے کی ترغیب دی جو ان کی مثالی قیادت کا ثبوت ہے۔صدر جمعیت مولانا ڈاکٹر قاضی عبدالماجد نظامی نے مرحوم کے اہلِ خانہ بالخصوص حافظ پیر خلیق صابر ناظمِ اعلیٰ جمعیت علماء تلنگانہ اور دیگر لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی۔ریاستی جمعیت علماء آندھراپردیش کا وفد بشمول صدر مولانا ڈاکٹر قاضی عبد الماجد ،ناظمِ اعلیٰ مفتی عبد الباسط قاسمی اور خازن مفتی اسماعیل قاسمی، مولانا الیاس قاسمی،مولانا مشتاق احمد مدنی حیدرآباد پہنچ کر نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور تعزیت پیش کی۔اللہ ،مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے۔آمین