قوم و ملت کی رہنمائی کے ساتھ اردو کے فروغ میں روز نامہ’ سیاست ‘کا اہم رول

   

سید ساجد پیر زادہ کے تاثرات

حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز) روز نامہ سیاست اور ادارہ ادبیات اردو کے اشتراک سے اردو امتحانات میں طلبہ کا حوصلہ افزاء ردعمل اردو زبان کی بقاء اور اس کے فروغ کی واضح علامت ہے۔ امتحانی مراکز کا معائنہ کرنے کے بعد سید ساجد پیر زادہ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر اور اضلاع میں ہزاروں طلباء و طالبات نے دلچسپی کے ساتھ امتحانات میں شرکت کی اور اس بات کا اعتراف کیا کہ اردو سے محبت دائمی رہے گی۔ اساتذہ نے امتحانات کی بہتر طور پر تیاری کرائی تھی۔ ساجد پیر زادہ نے کہا کہ روز نامہ سیاست مختلف شعبوں میں قوم و ملت کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ اردو زبان کے تحفظ و فروغ میں اہم رول ادا کررہا ہے۔ جناب زاہد علی خاں کی سرپرستی میں روز نامہ سیاست کی سرگرمیاں جاری ہیں اور امتحانات کے ذریعہ اردو زبان کے استحکام کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ روز نامہ سیاست صرف ایک اخبار نہیں رہا بلکہ سماج اور قوم و ملت میں ہر طبقہ کی ترقی اور انسانی اقدار کی سربلندی میں اہم رول ادا کررہا ہے۔ جمہوری انداز میں عوامی مسائل پر آواز اٹھائی جارہی ہے۔ روز نامہ سیاست نے علاقہ، زبان، ذات پات سے بالاتر ہوکر اپنے مقاصد کی تکمیل پر توجہ دی ہے۔ اخلاص اور نیت کی پاکیزگی اللہ تعالیٰ کی مدد کی ضامن ہوتی ہے۔