قوم کو آپ کے فرزند ارشد احمد خان پر فخر ہے : امیت شاہ

,

   

جموں و کشمیر کے شہید پولیس آفیسر کے ارکان خاندان سے وزیرداخلہ کی ملاقات

دہشت گردی کی مدد کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا انتباہ

سرینگر 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے آج جموں و کشمیر کے پولیس آفیسر ارشد احمد خان کی رہائش گاہ پہونچ کر اُن کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ پولیس آفیسر ارشد احمد خان ضلع اننت ناگ میں 12 جون کو ایک دہشت گرد حملہ میں ہلاک ہوگئے تھے۔ امیت شاہ نے اُن کے ارکان خاندان کو تیقن دیا کہ حکومت اُن کا بھرپور خیال رکھے گی۔ عہدیداروں کے ہمراہ امیت شاہ نے ارشد احمد خان کی رہائش گاہ واقع سٹی سیول لائنس ایریا بال گارڈن پہونچ کر اُن کے والدین مشتاق احمد خان اور محبوبہ بیگم، اہلیہ اور بھائی اور بچوں 5 سالہ اوحبان اور 18 ماہ کی شیرخوار دامین سے ملاقات کی۔ ارشد احمد خان کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ وزیرداخلہ نے ملاقات کرکے اپنے گہرے دُکھ کا اظہار کیا اور تعزیت پیش کی اور تیقن دیا کہ حکومت ملک کے بہادر سپوت کے خاندان کی ذمہ داری لیتے ہوئے اُن کے بچوں اور والدین کے لئے بہتر زندگی گزارنے کا بندوبست کرے گی۔ امیت شاہ نے شہید پولیس آفیسر کے ارکان خاندان کو ایک توصیفی مکتوب بھی حوالہ کیا جس میں پولیس آفیسر کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے خراج پیش کیا گیا۔ یہ توصیف نامہ امیت شاہ نے شہید پولیس آفیسر کی 18 ماہ کی شیرخوار کے ہاتھوں تھمایا۔ اُنھوں نے اپنے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پیام تحریر کرتے ہوئے لکھا کہ ارشد احمد خان کی قربانی ملک کے لئے رائیگاں نہیں جائے گی۔ اُنھوں نے اپنی جان دے کر ملک کے عوام کے تئیں کئی زندگیوں کو بچایا ہے۔ پورا ملک ارشد احمد خان کی بہادری اور جرأتمندی پر فخر کرتا ہے۔ 37 سالہ ارشد احمد خان 12 جون کو ایک دہشت گرد حملہ میں زخمی ہوئے تھے، انھیں علاج کے لئے ایر ایمبولنس کے ذریعہ دہلی لایا گیا تھا جہاں وہ 16 جون کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (ایمس) میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ اِس دہشت گرد حملہ میں دیگر 5 سی آر پی ایف جوان بھی ہلاک ہوئے تھے اور حملہ کرنے والا واحد جیش محمد دہشت گرد بھی ہلاک ہوگیا تھا۔ اِس نے نیم فوجی دستوں کی ایک گشتی ٹیم کو نشانہ بنایا تھا۔ امیت شاہ نے جموں و کشمیر کی سکیورٹی فورسیس پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنے میں صفر رواداری کا مظاہرہ کریں اور ریاست میں دہشت گردی کی امداد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ امیت شاہ جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اِن کے ہمراہ ریاستی حکومت اور مرکز کے عہدیدار بھی تھے۔ اُنھوں نے گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیرداخلہ نے ریاست میں دہشت گردوں کا محاصرہ تنگ کرنے کے لئے زور دیا اور کہاکہ ریاست میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔