قوم کھڑی نہ ہوئی تو کوئی وزیراعظم خارجہ پالیسی نہیں بناسکے گا

   

اسلام آباد : سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی قوم کھڑی نہیں ہو گی تو کوئی وزیراعظم خارجہ پالیسی نہیں بنا سکے گا۔‘جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’کہا گیا آپ کو عدم اعتماد پر ووٹنگ آئینی طور پر قبول کرنی چاہیے تھی۔ ہم اگر ابھی سٹینڈ نہیں لیں گے تو جو بھی وزیراعظم آئے گا اسے یہی دھمکی ملے گی۔‘انہوں نے ایک بار پھر ’سازش‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 7مارچ کو امریکی سیکرٹری ا سٹیٹ پاکستانی سفیرسے ملاقات کرتے ہیں اور کہتے ہیں عمران خان روس کیوں گیا۔ 8مارچ کو تحریک عدم اعتماد جمع کرائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اچانک ہمارے اتحادیوں کو بھی خیال آتا ہے کہ حکومت بہت بری ہے۔ امریکی سفارتخانے میں اپوزیشن لیڈر ملاقاتوں کے لیے جانے لگے، ہماری پارٹی کے لوٹے امریکی سفارتخانے میں ملاقاتیں کر رہے تھے۔ سندھ اسمبلی میں منڈی لگتی ہے اور پھر تحریک عدم اعتماد منظور ہو جاتی ہے ۔عمران خان نے بتایا کہ جب سازش کا پتہ چلا تو نیوٹرلز کو سمجھایا کہ کسی قسم کا ڈی سٹیبلائزیشن نہ ہونے دیں۔ اگر سازش کامیاب ہو گئی تو ملک معاشی طور پر تباہ ہو جائے گا۔