قہر ڈھاتی گرمی اور آگ اگلتا سورج تلگو ریاستوں کی انتخابی مہم پر اثر انداز

,

   

اے پی میں درجہ حرارت 47 اور تلنگانہ میں 46 ڈگری سے پار۔سیاسی جماعتوں کو مشکل صورتحال کا سامنا ۔ امیدواروں کی صبح پد یاترا اور شام میں ریالیاں

حیدرآباد / و جئے واڑہ 4 مئی ( سیاست نیوز ) اب جبکہ پارلیمانی انتخابات کیلئے مہم ختم ہونے کیلئے صرف ایک ہفتہ رہ گیا ہے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں قہر برساتی ہوئی گرمی سیاسی جماعتوں کی مہم پر اثر انداز ہونے لگی ہے ۔ دونوں ہی ریاستوں میں درجہ حرات انتہاء کو پہونچ رہا ہے اور شدت کی گرمی سے پریشان ہیں۔ دونوں ہی ریاستوں میں اصل سیاسی جماعتوں کے قائدین اور امیدواروں کو عوام سے رجوع ہونے اور انتخابی مہم چلانے میں مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ دونوں ہی ریاستوں میں کچھ مقامات پر درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہونچ جانے کی اطلاعات ہیں۔ گرمی کی لہر اور لو لگنے کے واقعات کے نتیجہ میں دونوں تلگو ریاستوں میں کچھ اموات کی بطی اطلاع ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ ایک ہفتے تک بھی انتہائی شدت کی گرمی سے کوئی راحت ملنے کی امید بہت کم ہے ۔ دونوں ہی ریاستوں میں محکمہ صحت کے حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شدت کی دھوپ میں گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ خاص طور پر دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے عوام کو گھروں میں رہنے کو کہا گیا ہے ۔ تاہم شدت کی گرمی کا اثر صبح 10 بجے سے ہی دیھا جار ہا ہے ۔ قہر برساتی دھوپ اور آگ اگلتا سورج کئی افراد کے گھروں میں بند رہنے کی وجہ ہے اور یہی صورتحال شام 5 بجے کے بعد تک بھی برقرار ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت کی جہاں تک بات ہے تو یہ ہر روز نئی بلندی تک پہونچ رہا ہے ۔ خاص طور پر آندھرا پردیش میں یہ مسلسل بڑھ رہا ہے ۔ وہاں نندیا ضلع میں کچھ مقامات پر درجہ حرارت 47.7 ڈگری سلسئیس تک پہونچ گیا تھا ۔ پرکاشم اور وائی ایس آر کڑپہ ضلع میں بھی اعظم ترین درجہ حرارت 45 ڈگری سلسئیس کو پار کر گیا ہے ۔ شدت کی گرمی کے نتیجہ میں انتخابی امیدواروں کیلئے مشکل ہوگئی ہے کیونکہ وہ بھی کچھ گھنٹوں تک اپنی مہم جاری رکھنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ امیدواروں کو اپنے اپنے حلقہ کے علاقوں میں صبح کے اوقات میں گھومتے دیکھا جا رہا ہے تاکہ رائے دہندوں سے ملاقات کرسکیں۔ امیدواروں کی جانب سے صبح کی اولین ساعتوں کے علاوہ شام کے اوقات میں پدیاترا کی جا رہی ہے ۔ سیاسی جماعتوں کو اپنے بڑے قائدین کے جلسوں اور ریلیوں کیلے بھی ہجوم اکٹھا کرنے میں مشکل صورتحال کا سامنا ہے ۔ اس کے نتیجہ میں سیاسی جماعتوں کی ریلیوں ‘ جلسوں اور روڈ شوز وغیرہ کی تعداد کو بھی گھٹا دیا گیا ہے ۔ آندھرا پردیش میں اسمبلی کی 175 اور لوک سبھا کی 25 نشستوں کیلئے تلنگانہ کی 19 لوک سبھا نشستوں کے ساتھ ہی 13 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ سیاسی جماعتیں اور قائدین در اصل وقت کے خلاف ریس کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور قومی جماعتوں کے اسٹار کیمپینرس کے پروگرامس طئے کرنے میں بھی انہیں مشکل پیش آ رہی ہے ۔ آندھرا پردیش میں کچھ مقامات پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے بڑے خیمے نصب کرتے ہوئے جلسوں کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ جلسہ کے شرکاء کو شدت کی گرمی سے کچھ راحت مل سکے ۔ تلنگانہ میں اعظم ترین درجہ حرارت کچھ مقامات پر 46 ڈگری سلسئیس کو پار کر گیا ہے ۔ یہاں بھی آگ اگلتا سورج سیاسی جماعتوں کے تشہیری مہم کے منصوبوں کو تبدیل کرنے پر مجبور کر رہا ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی روزآنہ تین تا چار جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں ۔ وہ ہیلی کاپٹر سے سفر کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ حلقہ جات کا احاطہ کر رہے ہیں۔ بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ اپنی بس میں سفر کرتے ہوئے مہم چلا رہے ہیں۔ انتخابی مہم پر شدت کی گرمی کا اثر حیدرآباد میں بھی دیکھا جا رہا ہے ۔ پارٹی کیڈر اور قائدین کو عوام تک رسائی حاصل کرنے اور انہیں اپنا ہمنواء بنانے میں مشکل پیش آ رہی ہے ۔ آندھرا پردیش میں چیف منسٹر جگن موہن ریڈی اپنی پارٹی وائی ایس آر کانگریس کی مہم سنبھالے ہوئے ہیں اور وہ بھی روزآنہ اپنی بس یاترا کے ذریعہ دو تا تین اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ روڈ شوز میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ تلگودیشم پارٹی سربراہ و سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ہیلی کاپٹر سے سفر کرتے ہوئے عوامی ریالیوں اور روڈ شوز میں پہونچ رہے ہیں اور وہ بھی یومیہ دو تا تین اضلاع کا احاطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم شام میں ہونے والے روڈ شوز اور جلسوں میں ہی عوام کی خاطر خواہ تعداد دکھائی دے رہی ہے ۔

تلنگانہ میں شدید گرمی
حیدرآباد4مئی (یواین آئی)آئندہ 24 گھنٹوں میں اضلاع پداپلی، جئے شنکر بھوپال پلی ملگ، ناگر کرنول، ونپرتی، نارائن پیٹ اور گدوال اضلاع میں گرمی کی شدید لہر کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کل بھی بیشتر اضلاع میں ایسی ہی صورتحال رہے گی ۔ آصف آباد، منچریال، نرمل، جگتیال، نظام آباد، راجنا سرسلہ، کریم نگر، کوتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، محبوب آباد، کاماریڈی، محبوب نگر و دیگر اضلاع میں بعض مقامات پر آئندہ 3 دنوں میں گرمی کی لہر کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے ۔ کھمم، میڑچل، ملکاجگری اور رنگاریڈی میں گرمی کی لہر گزشتہ 24 گھنٹوں میں درج کی گئی ہے ۔