’قیادت کی خواہش نہیں، پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ رنزکرنا چاہتا ہوں: بابر اعظم

   

اسلام آباد۔ 11 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بابراعظم نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ٹیم کے مایہ ناز نوجوان بلے باز بابر اعظم نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی پاکستانی ٹیم کی قیادت کی خواہش ظاہر نہیں کی اور وہ صرف پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ رنز کرنا چاہتے ہیں۔ایک انٹرویو میں نوجوان بلے باز نے کہا کہ ٹیم کی قیادت کا فیصلہ کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا کام ہے اور کھلاڑیوں کا کام ان کے فیصلے کو تسلیم کرنا ہے، میں نے کبھی بھی قیادت کے بارے میں نہیں صرف پاکستان کیلئے کھیلنے کے بارے میں سوچا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں میں سے نہیں جو قیادت کے حصول کی کوششیں کرتے ہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ میری توجہ پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ رنز کرنے پر مرکوز ہے۔بابر کا کہنا تھا کہ بورڈ جس کو بھی منتخب کرے گا وہ ہی بہترین انتخاب ہو گا، میرے خیال میں سرفراز احمد اچھے کپتان ہیں اور اس وقت احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔نوجوان بلے باز نے کہا کہ ہمیں دو میچوں کی بھاری قیمت چکانی پڑی، پہلے ہمیں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بدترین شکست ہوئی جس سے ہمارا رن ریٹ بری طرح متاثر ہوا اور پھر آسٹریلیا کے خلاف ہم فتح کی راہ پر گامزن ہونے کے باوجود بھی میچ میں کامیابی حاصل نہ کر سکے۔ ہمیں اس میچ کو جیتنا چاہیے تھا لیکن یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے ہمیں دھکہ لگا۔