ماسکو ۔ یوکرین نے اپنی سرحد کے قریب روسی فوجیوں کی تعداد میں اضافے کے بعد مغربی دفاعی اتحاد ناٹو کے رکن ممالک کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں شروع کر دیں ہیں۔ اس حوالے سے یوکرینی صدر وولوڈے میر زیلینسکی نے استنبول میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کی ہے۔ ترک صدر نے موجودہ صورتحال میں کشیدگی پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے اس تنازعہ کا حل منسک معاہدے کے مطابق تلاش کرنے پر زور دیا ہے۔ صدر ایردوآن اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کئی بین الاقوامی معاملات پر اتحادی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یوکرین نے گزشتہ روز خبردار کیا تھا کہ روس کی طرف سے سرحد پر مزید فوجیں لگانے کے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں۔