یلاریڈی اے ایم سی چیرمین کی حلف برداری تقریب سے ریاستی اسمبلی اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی کا خطاب
یلاریڈی۔ 24؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ یلاریڈی زرعی مارکٹ کمیٹی چیرمین کی حلف برداری تقریب کا مقامی ایم آر پی فنکشن ہال میں انعقاد عمل میں آیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر ریاستی اسمبلی اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے شرکت کی۔ ضلع اے ایم سی آفیسر شریمتی رمیا نے نو منتخب شدہ اے ایم سی چیرمین کاشی نارائنا، ڈپٹی چیرمین سرینواس ریڈی اور ڈائرکٹروں کو حلف دلایا۔ اس موقع پر اسمبلی اسپیکر پوچارم سرینواس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست تلنگانہ میں شعبہ زراعت غیر معمولی عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ سے قبل 70 لاکھ ایکڑ اراضی پر کاشت ہوتی تھی اور اب ایک کروڑ 30 لاکھ ایکڑ پر کاشت کی جارہی ہے۔ اس طرح زراعت کا شعبہ ٹی آر ایس کے دور اقتدار میں ترقی کررہا ہے۔ ریاستی وزیر اعلی چندرشیکھرراؤ کسانوں کو ہر حال میں خوش اور معاشی طور پر مستحکم کرنے میں کوشاں ہیں۔ اسمبلی اسپیکر نے مرکزی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مرکزی پالیسی کسان مخالف ہے جس سے ملک کے کسانوں کا مستقبل خطرہ میں ہے۔ آج ہی ایک اور نیا فتنہ کسانوں پر انکم ٹیکس لگانے کا مرکزی حکومت نے نکالا ہے۔ تلنگانہ کی وسیع زراعت نے اس سال ملک کے کئی ریاستوں کو جہاں قحط رہا لاکھوں ٹن کا اناج سربراہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں اگر صد فیصد کاشت کی گئی تو پورے ملک کو اناج فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایسے شعبہ کو مرکزی بی جے پی حکمراں اپنی نیم دور اندیشی سے تباہ کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے اے ایم سی چیرمین و ڈائرکٹروں کو کسانوں کی فلاح و ترقی کیلئے کام کرنے کی صلاح دی محکمہ زراعت عہدیداروں کی مدد سے کسانوں کو کاشت سے متعلق شعور دلانے انہیں ترقی کی سمت گامزن کرنے کا مشورہ دیا اور کسانوں کے کسی بھی مسائل کو فوری حل کرنے انہیں راحت پہنچانے کو کہا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی سریندر، میونسپل چیرمین ستیہ نارائنا، سابق ریاستی وزیر انجنیلو، دیگر قائدین میں پرتاب ریڈی، چلندھر ریڈی، اوشا گوڑ، مادھوی، ستیش، تاناجی راؤ، محمد عمران ساجد، محمد شریف، محمد فتح الدین، محمد عبدالوہاب، سرینواس، ستیم، نرہری، سائیلو اور دوسرے موجود تھے۔