قیدیوں سے ملاقات کے طریقہ کار میں تبدیلی

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : چنچل گوڑہ جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے اصول و ضوابط میں تبدیلی کی جارہی ہے اور فی الحال موجود اصول و ضوابط برخاست کیے جانے پر قیدیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اب قیدی اپنے رشتہ داروں سے جیل میں بار بار ملاقات کرسکتے ہیں ۔ قبل ازیں جیل منتظم کو ملاقات کی اجازت دینے کے اختیارات تھے ۔ زیر دریافت قیدیوں سے ہفتہ میں دو مرتبہ اور سزا یافتہ قیدیوں سے دو ہفتوں میں دو دن ملاقات کے لیے اجازت دی گئی تھی جس کی وجہ سے مختلف جیلوں میں جیل منتظموں کی جانب سے اجازت دئیے جانے پر تنقیدیں کی جارہی تھیں کیوں کہ جیل منتظم عام طور پر مالدار اور غریب قیدیوں کو افراد خاندان سے ملاقات کی اجازت دینے میں جانبداری کا مظاہرہ کررہے تھے ۔ اور اب ریاست کی جیلوں میں قیدیوں کے برتاؤ اور چال چلن میں تبدیلیاں لانے کے لیے محکمہ جیل کی جانب سے کونسلنگ کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ قیدی اپنے افراد خاندان کے ساتھ خوشگوار ملاقاتوں کے ذریعہ اپنے اندر تبدیلی لائیں ۔۔