قیدیوں کی زندگی میں تبدیلی لانے میں جیل عہدیداروں کا اہم رول

   

گورنر جشنودیو ورما نے آل انڈیا پریزن ڈیوٹی میٹ کا افتتاح کیا، 21 ریاستوں کے جیل حکام کی شرکت
حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) گورنر جشنودیو ورما نے جیل عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ قیدیوں کی زندگی میں تبدیلی لائیں تاکہ وہ سماج میں بہتر زندگی بسر کرسکیں۔ گورنر جشنودیو ورما نے آج ساتویں آل انڈیا پریزن ڈیوٹی میٹ کا افتتاح کیا جس کا اہتمام محکمہ جیل نے کیا تھا۔ اپنے خطاب میں گورنر نے کہاکہ 10 سال کے وقفہ کے بعد تلنگانہ میں آل انڈیا پریزن ڈیوٹی میٹ کا اہتمام خوش آئند ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پریزن ڈیوٹی میٹ محض چند کھیل کود کے مقابلوں کا نام نہیں بلکہ ڈسپلن اور بہتر خدمات کا جذبہ پیدا کرنے میں یہ اہم رول ادا کرتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جیل عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بہتر کارکردگی کے ذریعہ قیدیوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سزا کی تکمیل کے بعد قیدی سماج میں معزز شہری کی طرح زندگی بسر کرنے کے اہل ہوجائیں گے۔ گورنر نے اِس موقع پر محکمہ جیل سے مختلف اسکیمات کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے کہاکہ انسانی زندگی میں جرائم کے خلاف جذبہ فروغ دے کر سماج کو جرائم سے پاک کیا جاسکتا ہے۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر 231 قیدیوں کی رہائی عمل میں آئی اور وہ سماج میں بہتر زندگی بسر کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بعض سزا یافتہ قیدیوں کو خانگی بینکوں میں ملازمت کے مواقع حاصل ہوئے ہیں۔ خواتین کو سلائی مشین حوالہ کئے گئے تاکہ وہ اپنا گزر بسر کرسکیں۔ سنگاریڈی اور نظام آباد سنٹرل جیل میں نئے اسٹاف کو متعین کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ آل انڈیا پریزن ڈیوٹی میٹ سے محکمہ جیل کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ڈیوٹی میٹ میں ملک کی 21 ریاستوں اور 3 مرکزی زیرانتظام علاقوں سے 1200 سے زائد جیل عہدیدار شرکت کررہے ہیں۔1