قیدی اب گئو سیوا کریں گے : یوگی آدتیہ ناتھ

   

بارابنکی: اترپردیش کی جیلوں میں بند قیدی اب گائے کی بناہ گاہوں میں ان کی دیکھ بھال کریں گے ۔وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے جیل افسروں نے حکمت عملی بنانی شروع کردی ہے ۔سرکاری ذرائع نے چہارشنبہ کو بتایا کہ منصوبہ فی الحال چار ضلعوں میں پائلٹ پروجیکٹ کے طورپر شروع کیا گیا ہے ۔اس کے بعد اسے پوری ریاست میں نافذ کیا جائے گا۔ بارابنکی ضلع کو پائلٹ پروجیکٹ کے طورپر منتخب کیا گیا ہے ۔پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے والے دیگر ضلع اورئی،فرخ آباد اور لکھیم پور کھیری ضلعوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلی کے اس منصوبے سے جہاں ایک طرف گائے کو تحفظ ملے گا اور ان کی اچھی دیکھ بھال ہو سکے گی،وہیں دوسری طرف جیل میں بند قیدیوں کے من ،سوچ اور خیالات میں بہتری پیدا ہوگی۔ جیل سے گائے کی پناہ گاہوں پر جاکر کام کرنے کے بدلے قیدیوں کو ان کے محنتانے کے طورپر پیسے بھی ملیں گے جس کا فائدہ یہ ہوگا کہ جیل سے رہا ہوکر گھر جاتے وقت قیدی خود مختار ہوں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ قیدیوں کو روزانہ گائے کی پناہ گاہوں تک لے جانے اور وہاں سے واپس لانے کے لئے جیل انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔کام کے لئے خطرناک اور پیشہ ور قیدیوں کو منتخب نہیں کیا جائے گا۔ گائے کی خدمت کے لئے ان قیدیوں کو شامل کیا جائے گا جو غلطی سے گناہ کربیٹھے ہیں اور سزا کاٹ رہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ قیدیوں کو گائے کی پناہ گاہوں پر جیل کی گاڑی سے لے جایا جائے گا۔ دن بھر کام کرنے کے بعد قیدیوں کو شام کو واپس جیل لایا جائے گا۔ڈی آئی جی جیل بی پی ترپاٹھی نے اس سلسلے میں منگل کو ضلع میں پہنچ کر منصوبے کے سلسلے میں افسروں کو ضروری ہدایات دی اور نبلیٹ اور چک گنجریا فارم ہاؤس کا جائزہ لیا اور گائے کو ہرا چارہ اور گڑبھی کھلایا۔