خانگی ہاسپٹلس کو وزیر صحت ایٹالہ راجندر کی ہدایت
حیدرآباد : وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے خانگی دواخانوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ قیمتوں سے متعلق رہنمایانہ خطوط پر عمل کریں جن کا کورونا کی پہلی لہر کے دوران تعین کیا گیا تھا۔ گزشتہ سال ریاستی حکومت نے احکامات جاری کرتے ہوئے خانگی ہاسپٹلس کو ہدایت دی تھی کہ وہ کورونا پازیٹیو مریض کو آئسولیشن سہولتوں کی فراہمی پر ہر دن 4 ہزار روپئے چارج کریں۔ آئی سی یو کی ضرورت پر پازیٹیو مریضوں کو یومیہ 7500 روپئے چارج کئے جائیں جن کو وینٹی لیٹر کی ضرورت نہ ہو۔ اِسی طرح کورونا کی تشویشناک حالت کے مریضوں سے جنھیں آئی سی یو اور وینٹی لیٹر دونوں کی ضرورت ہو، یومیہ 9000 روپئے وصول کئے جائیں۔ خانگی ہاسپٹلس کے بوجھ کو کم کرنے کے لئے میڈیسن اور دیگر ہیلت کیر سرویسس کی قیمتوں کا تعین نہیں کیا گیا اور یہ اُن پر چھوڑ دیا گیا۔تاہم بعض مخصوص خدمات کیلئے حکومت کی طے کردہ قیمتوں پر عمل کرنا ضروری ہے۔