قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مہیلا کانگریس کا ریاستی سطح پر احتجاج کا منصوبہ

   

حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) آل انڈیا مہیلا کانگریس نے پٹرول اور پکوان گیاس کی قیمتوں میں اضافہ اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف قومی سطح پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ مہیلا کانگریس کی کارگذار قومی صدر این ڈیسوزا نے تمام ریاستوں کے یونٹس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ضلع اور ریاستی سطح پر احتجاج کا شیڈول روانہ کیا ہے۔ مہیلا کانگریس کے ریاستی صدور کو ہدایت دی گئی کہ 26 مارچ تک ضلع ہیڈ کوارٹرس پر احتجاج منظم کیا جائے جبکہ اسی مدت میں ریاستی دارالحکومت میں مہیلا کارکنوں کی جانب سے احتجاج درج کرایا جائے۔ مہیلا کانگریس نے 31 مارچ کو نئی دہلی میں قومی سطح پر احتجاج کا منصوبہ بنایا ہے۔ ڈیسوزا نے کہا کہ پٹرولیم اشیاء، پکوان گیاس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی پر بوجھ پڑ رہا ہے۔ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوکر ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہیلا کانگریس قومی سطح پر احتجاج کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ ہر ریاست میں دیہی سطح تک احتجاج کیا جاسکے۔ ریاستی یونٹس کو بڑے پیمانے پر احتجاج کی ہدایت دی گئی ہے۔ر