قیمتی درختوں کو محفوظ رکھنے مائیکرو چپ کا استعمال،ٹی ایس فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا تجرباتی اقدام ، جی چندر شیکھر ریڈی کا بیان

   

حیدرآباد۔22۔جون(سیاست نیوز) قیمتی درختوں کو سارقین سے محفوظ رکھنے کے لئے محکمہ جنگلات کی جانب سے ان پیڑوں میں مائیکرو چپ لگاتے ہوئے انہیں محفوظ کرنے کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے نہرو زوالوجیکل پارک‘ اندرا پارک کے علاوہ دولاپلی فارسٹ اکیڈیمی میں سرخ صندل ‘ صندل کے علاوہ دیگر قیمتی درخت لگائے گئے تھے جو اب بڑھ رہے ہیں ۔ سال گذشتہ اندرا پارک میں موجودہ سرخ صندل کے درختوں کے گرنے اور اس کے بعد اس کی لکڑی کے سرقہ کی شکایات موصول ہوئی تھیں ۔تلنگانہ اسٹیٹ فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے اس طرح کے واقعات کا مشاہدہ کرنے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ قیمتی درختوں کے چوبینہ کو محفوظ رکھنے اور انہیں کاٹنے سے روکنے کے علاوہ ایسا کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کاروائی کے اقدامات کا فیصلہ کیا تھا اور کرناٹک میں استعمال کی جا رہی اس ٹیکنالوجی پر عمل کرنے کے اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ 100 درختوں میں مائیکرو چپ لگانے کے لئے 3لاکھ روپئے کا خرچ آرہا ہے جو کہ اس قیمتی چوبینہ سے کافی کم ہے ۔نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ اسٹیٹ فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن مسٹر جی چندرشیکھر ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ میں ان درختوں کے تحفظ کے لئے پائلٹ پراجکٹ شروع کیا جا رہاہے ۔ انہو ںنے اس ٹیکنالوجی کے متعلق تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ قیمتی درختوں میں جہاں یہ مائیکرو چپ لگائے جائیں گے وہ درخت میں کسی بھی طرح کے ارتعاش پیدا ہونے کی صورت میں محکمہ جنگلات اور پولیس کے عہدیداروں کو اس حرکت سے موبائیل فون پر مطلع کردے گی ۔درخت کاٹنے کی کوشش کے دوران جو ارتعاش پیدا ہوتا ہے وہ محکمہ جنگلات اور پولیس کو الرٹ کرنے میں معاون ثابت ہوگا اور اس الرٹ کے ساتھ ہی چند لمحات کے دوران کاروائی کی جاسکے گی۔ ریاست تلنگانہ میں محکمہ جنگلات کی آمدنی میں اضافہ کے لئے محکمہ جنگلات نے محفوظ جنگلاتی علاقوں میں قیمتی چوبینہ والے درختوں کو لگانے اور ان کی افزائش کے اقدامات کئے ہیں جس کے نتیجہ میں آؤٹر رنگ روڈ کے اندرونی حدود میں کئی سرخ صندل‘ صندل کے علاوہ خوشبوراد لکڑی کے درخت لگائے گئے ہیں ۔م