کورونا وائرس سے بچنے عوام بھی احتیاط کریں، نرمل میں ضلع ایس پی کی پریس کانفرنس
نرمل ۔ 19 ۔ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج ساری دنیا میں کورونا وائرس کی وباء سے عوام میں خوف و ہراس کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ آج دوپہر ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نرمل مسٹر سی ششی دھر راجو نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ کیا ہوتا کیا ہوگا کہ وہم میں نہ رہے بلکہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنی قیمتی زندگیوں کا تحفظ کریں ، حکومت ہر ممکنہ کوشش کر رہی ہے۔ عوام کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے اپنے طرز زندگی کو بدلتے ہوئے احتیاط کریں۔ بالخصوص شادی بیاہ تقاریب کو ملتوی کرلیں یا اگر تواریخ مقرر ہوگئی ہیں تو دعوتوں میں کم افراد کو شرکت کی دعوت دیں۔ خلیج ممالک سے وطن واپس آنے والے حضرات بھی لاپرواہی نہ کرتے ہوئے ڈاکٹروں سے اپنا معائنہ کروالیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وباء سے سارے عالم میں اموات اور مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے عوام میں کافی تشویش دیکھی جارہی ہے ۔ تاہم پولیس پوری طرح سے متحرک ہوگئی ہے۔ بڑی تعداد میں عوام ماسک کا استعمال کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ ساتھ ہی خلیج ممالک میں برسر روزگار افراد کے رشتہ دار مسلسل اپنے اپنے رشتہ داروں سے ربط میں ہیں۔ ایک عجیب و غریب صورتحال دیکھنے میں آرہی ہے ، آئندہ حالات کیا ہوں گے یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔ تاہم کبھی ایسی وباء اور عالم میں ایسے حالات نہ تو دیکھے نہ تو سنے، یہ پہلا موقع ہے کہ ہر کوئی ایک دوسرے سے اس وباء کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے معلومات حاصل کر رہا ہے۔ پریس کانفرنس میں ضلع ایس پی ششی دھر راجو کے علاوہ ڈی ایس پی اوپیندر ریڈی ، سرکل انسپکٹر مسٹر سرینواس ریڈی اور سب انسپکٹران موجود تھے ۔