لکچررس کے تقررات کا فیصلہ، یکم اپریل سے درخواستوں کی طلبی، خالص عارضی تقررات
حیدرآباد۔ 21 فروری (سیاست نیوز) حکومت نے اقلیتوں کے لیے اقامتی اسکولوں کے کامیاب تجربے کے بعد 71 اسکولوں کو تعلیمی سال 2020-21ء سے جونیئر کالجس میں اپگریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکولوں میں ایس ایس سی کامیاب طلبہ انٹر کی تعلیم جاری رکھ پائیں گے۔ 71 اقامتی جونیئر کالجس میں 11 مختلف مضامین کے لیے آئوٹ سورسنگ کی بنیاد پر جونیئر کلچررس کے تقرر کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے تحت ہر جونیئر کالج میں ایم پی سی اور بی پی سی کورس کے 8 اور ایم ای سی اور سی ای سی کورس کے 7 جونیئر لکچررس کا تقرر کیا جائے گا۔ انگلش، اردو، تلگود، میاتھس، فزکس، کیمسٹری، باٹنی، زوالوجی، کامرس، اکنامکس اور سیوکس کے مضامین کے لیے لکچررس کا تقرر کیا جائے گا۔ آئوٹ سورسنگ ایجنسیوں کے ذریعہ یہ تقررات عمل میں آئیں گے۔ امیدوار کو پوسٹ گریجویٹ ڈگری کا حامل ہونا چاہئے جس میں ایم اے، ایم ایس سی اور ایم کام شامل ہیں۔ یا پھر مربوط سبجیکٹ میں یو جی سے مسلمہ کسی ادارے کی ڈگری ہونی چاہئے۔ امیدوار کے نشانات 50 فیصد سے کم نہ ہوں۔ بی ایڈ یا مماثل ڈگری کے امیدوار بھی اہل ہوں گے۔ امیدواروں کو تدریس کا کم از کم تین سالہ تجربہ ہونا چاہئے اور وہ 11 ویں، 12 ویں جماعت کے طلبہ کو کسی مسلمہ سینئر سیکنڈری اسکول یا جونیئر کالج میں تعلیم دے چکے ہوں۔ امیدواروں کی عمر 18 تا 44 سال کے درمیان ہونی چاہئے۔ سلیکشن کے بعد ماہانہ 27 ہزار روپئے مشاہرہ دیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ لیول کمیٹی، آئوٹ سورسنگ ایجنسی کے ذریعہ درخواست طلب کرے گی۔ ایجنسی امیدواروں کے اوریجنل سرٹیفکیٹس کی جانچ کرتے ہوئے امیدواروں کی قابلیت کے بارے میں انڈرٹیکنگ دے دی۔ گرلز کالجس میں خاتون لیکچررس کا تقرر کیا جائے گا۔ درخواستوں کی جانچ ڈسٹرکٹ لیول کمیٹی کرے گی اور صرف اہل امیدواروں کو ریٹرن ٹسٹ لکھنے کی اجازت ہوگی۔ یہ ٹسٹ سابق اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر رہے گا۔ ریٹرن ٹسٹ کے نشانات کی بنیاد پر امیدواروں کو 1:2 تناسب میں انٹرویو کے لیے ہیڈ آفس طلب کیا جائے گا۔ منتخب امیدواروں کی قطعی فہرست ڈسٹرکٹ لیول کمیٹی کو روانہ کی جائے گی جو متعلقہ آئوٹ سورسنگ ایجنسیوں کو لسٹ حوالے کرے گی اور آئوٹ سورسنگ ایجنسی تقرر کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ کالج کے پرنسپل کو اطلاع دے گی۔ یکم مارچ سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ 31 مارچ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ ہوگا۔ یکم تا 15 اپریل جانچ اور اہل امیدواروں کی لسٹ تیار ہوگی۔ 19 اپریل کو ریٹرن ٹسٹ ہوگا جس کے نتائج 30 اپریل کو جاری کئے جائیں گے۔ 5 تا 20 مئی کے درمیان انٹرویوز ہوں گے۔ 25 مئی کو سلیکشن لسٹ جاری کی جائے گی۔ 28 تا 30 مئی منتخب لیکچررس کے لیے اورینٹیشن پروگرامس ہوں گے۔ 71 جونیئر کالجس میں 32 گرلز جونیئر کالجس ہوں گے۔