مخالف و موافق یکساں کوڈ پر رائے ، صدر نشین کمیشن کی توثیق
حیدرآباد۔28۔جون(سیاست نیوز) یونیفارم سیول کوڈ کے متعلق 22ویں لاء کمیشن کی جانب سے وصول کی جارہی آراء کے دوران اب تک ملک بھر سے لاء کمیشن کو 8.5 لاکھ مکتوبات موصول ہوچکے ہیں جن میں مخالف یکساں سیول کوڈ اور موافق یکساں سیول کوڈ تمام رائے شامل ہیں۔ 22ویں لاء کمیشن کی جانب سے وصول کی جانے والی سفارشات ‘اعتراضات و ادعا جات کے دوران صدرنشین لاء کمیشن مسٹر ریتوراج اوستھی نے اس با ت کی توثیق کی کہ انہیں اب تک 8.5لاکھ مکتوبات وصول ہوئے ہیں۔ صدرنشین لاء کمیشن نے بتایا کہ یکساں سیول کوڈ معاملہ کمیشن کے لئے کوئی نیا نہیں ہے اور کمیشن نے سال 2016اور 2018 میں بھی اس معاملہ پر سماج کے مختلف طبقات کی رائے حاصل کرنے کے علاوہ تنظیموں کے ذمہ داروں اور مختلف مذاہب کے ماننے والوں سے ملاقاتیں کی تھیں۔ ریتو راج اوستھی نے بتایا کہ ملک میں اب جبکہ دوبارہ یکساں سیول کوڈ کے لئے رائے حاصل کی جا رہی ہے تو کمیشن موصول ہونے والی نمائندگیوں کے علاوہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کے ذمہ داروںسے ملاقات کرتے ہوئے ان کی رائے حاصل کرے گا ۔ 22ویں لاء کمیشن کی جانب سے یکساں سیول کوڈ کے سلسلہ میں رائے وصول کرنے کا عمل جاری ہے اور آن لائن کے علاوہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہندستانی شہری انفرادی و اجتماعی طور پر اپنی رائے اور نمائندگیاں روانہ کرسکتے ہیں۔ موصول ہونے والی رائے اور اعتراضات میں گذشتہ میں وصول کئے گئے اعتراضات و ادعا جات شامل نہیں ہیں۔م