ممبئی : /18 جولائی (ایجنسیز) مہاراشٹرا پولیس نے لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال اور شور کی سطح کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کے لیے ریاست بھر کے پولیس افسران کو نیا اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (SOP) جاری کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام پولیس کمشنروں اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مذہبی یا عوامی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سے متعلق قوانین پر یکساں طور پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل برائے قانون و نظم، نکھل گپتا نے یہ تفصیلی ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں فیلڈ افسران کی ذمہ داریاں واضح کی گئی ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے پولیس کمشنر پربھین پوار نے بتایا کہ قانون تمام مذہبی اور عوامی مقامات پر یکساں طور پر نافذ کیا جا رہا ہے، اور لاؤڈ اسپیکر استعمال کرنے والوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ استعمال کو باقاعدہ بنائیں، بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔ایس او پی کے مطابق، جب کسی جگہ شور کی شکایت موصول ہو گی تو ایک مقررہ افسر (سب انسپکٹر یا اس سے اوپر رینک کا) شور ناپنے والے آلے Noise Meter کے ساتھ دو غیر جانب دار پنچ گواہوں کو لے کر جائے وقوعہ پر جائے گا۔ وہاں شور کی سطح ناپی جائے گی اور اس کا ریکارڈ پرنٹ آؤٹ لے کر گواہوں کے دستخط سے تصدیق کی جائے گی۔ اس کے بعد ایک تفصیلی پنچنامہ تیار کیا جائے گا جس میں مقام کا پتہ، اسٹیبلشمنٹ کی نوعیت (مذہبی یا دیگر)، رجسٹریشن کی تفصیل، منتظمین یا کمیٹی کے نام، ریکارڈ شدہ ڈیسیبل سطح، اور علاقہ بندی (رہائشی، تجارتی، صنعتی یا خاموش زون) کی معلومات شامل ہوں گی۔