اسٹیٹ سنٹرل لائبریری میں تقریب، گورنر تلنگانہ نے کتابوں کا مشاہدہ کیا
حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے اسٹیٹ سنٹرل لائبریری میں نیشنل سرویس اسکیم (NSS) کے یوم تاسیس کے موقع پر گرندھالیہ دیپتی کا آغاز کیا۔ اسٹیٹ این ایس ایس نوڈل آفیسر اور پرنسپل سکریٹری برائے گورنر بی وینکٹیشم نے یہ اسکیم تیار کی۔ اس پروگرام کا مقصد تلنگانہ میں 670 عوامی لائبریریز، 1000 خانگی لائبریریز اور 2000 تعلیمی اداروں کی لائبریریز کو مستحکم کرنا ہے۔ یونیورسٹیز اور کالجس کے این ایس ایس والینٹرس لائبریریز میں کتابوں کی بحالی اور نقصان شدہ کتابوں کی مرمت کا کام انجام دیں گے۔ مسابقتی امتحانات کی تیاری میں مصروف طلبہ کیلئے ایک خصوصی بک ڈاکٹرس کارنر قائم کیا جائے گا جہاں مسابقتی امتحانات کی ضروری کتابیں دستیاب رہیں گی۔ گورنر جشنو دیو ورما نے لائبریریز کی بحالی کیلئے نوجوانوں کی شمولیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کتابوں کے تحفظ کے ذریعہ ہم ماضی کو مستقبل میں منتقل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتابوں کو ڈیجیٹل انداز میں پیش کرنے کیلئے بک ڈاکٹرس کارنر کی تجویز قابل ستائش ہے۔ گورنر نے کہا کہ نوجوان فیس بک، انسٹا گرام اور ای ۔ بکس کا مشاہدہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کتابوں کے راست مطالعہ کے جذبہ کو فروغ دینے کا مشورہ دیا۔ بی وینکٹیشم نے کہا کہ لائبریریوں کے تحفظ کے ذریعہ نئی نسل کو معلومات سے ہم آہنگ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ میں ضلعی سطح پر اس اسکیم کو توسیع دی جائے گی۔ گورنر نے لائبریری کے مختلف گوشوں کا معائنہ کرتے ہوئے قدیم کتابوں میں دلچسپی ظاہر کی۔ تقریب میں صدرنشین تلنگانہ گرندھالیہ پریشد ڈاکٹر محمد ریاض ، ڈائرکٹر پبلک لائبریریز ای وی نرسمہا ریڈی کے علاوہ بھوانی شنکر اور شریمتی پلوی نے شرکت کی۔1