انڈین یونین مسلم لیگ محبوب نگر کے وفد کی ضلع کلکٹر سے نمائندگی
محبوب نگر ۔ ڈسٹرکٹ سنٹرل لائبریری کی جدید عمارت میں اردو زبان کیلئے علحدہ سیکشن قائم کرتے ہوئے ازسر نو اردو کتب کی ذخیرہ اندوزی کی جائے ۔ لائبریری کو ڈیجیٹلائز کیا جائے ۔ لائبریری کے مرکزی سائن بورڈ کے علاوہ اندرونی سیکشن میں بھی اردو تحریروں کا اہتمام کیا جائے ۔ مرزا قدوس بیگ ضلع صدر انڈین یونین مسلم لیگ محبوب نگر اور محمد صادق حسین ضلع سکریٹری نے ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ سے تحریری نمائندگی کی ۔ یادداشت میں بتایا گیا کہ لائبریری 70 سالہ قدیم ہے جدید تعمیر کی غرض سے اس کو بند کردیا گیا تھا ۔ جدید تعمیر کے دوران اردو کی نایاب اور بیش بہا بے شمار کتابیں ضائع ہوگئیں ۔ اردو زبان و ادب کے ساتھ ساتھ مذہبی صحت و طب تعلیم و تربیت سیاسیات ، سماجیات ، علوم و فنون سے متعلق کافی ذخیرہ تھا ۔ ملک محمد نواز بیگ کی نگرانی میں 1980 تا 2000ء کے دوران یہ کتب موجود تھیں ۔ کوئی پرسان حال نہ ہونے کی وجہ سے یہ کتب اب دستیاب نہیں ہیں ۔ ضلع کلکٹر نے تمام مسائل کی بغور سماعت کے بعد مناسب اقدامات کا تیقن دیا ۔