لائف اسٹائیل شوروم میں سرقہ

   

حیدرآباد۔ شہر کے پاش علاقہ بنجارہ ہلز میں پیش آئی سرقہ کی واردات میں نامعلوم سارقین نے لائف اسٹائیل شوروم سے 5 لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بنجارہ ہلز روڈ نمبر1 میں واقع لائف اسٹائیل شوروم میں بعض نامعلوم سارقین نقلی چابیوں کا استعمال کرتے ہوئے شٹر کھول کر شوروم میں داخل ہوئے اور وہاں موجود نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔ آج صبح شوروم کے انتظامیہ کو اس بات کا پتہ چلنے پر پنجہ گٹہ پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ۔ پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی اور سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شوروم سے واقفیت رکھنے والے افراد نے ہی یہ سرقہ کی واردات انجام دی ہے۔ پولیس پنجہ گٹہ نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور علاقہ کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔