لائن آف کنٹرول پر در اندازی کی کوشش ناکام دو پاکستانی سپاہی ہلاک

   

سرینگر ، 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بارڈر ایکشن ٹیم (بی اے ٹی) کی ایک بڑی کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے جموں و کشمیر کے نوگام سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پاس دو دراندازوں کو ہلاک کردیا گیا جو ’’ممکنہ طور پر پاکستانی سپاہی‘‘ ہیں، آرمی نے آج یہ بات کہی۔ فوج کے ترجمان نے کہا کہ آرمی نے اتوار کی اولین ساعتوں میں نوگام سیکٹر میں ایل او سی کے پاس سرحدی چوکی کو نشانہ بنانے بیاٹ کی بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دراندازوں نے ایل او سی سے قریب گھنے جنگلات کی آڑ میں گھسنے کی کوشش کی اور پاکستانی چوکیوں کی طرف سے بھاری ہتھیاروں جیسے مورٹار اور راکٹ لانچر کی شدید فائرنگ کے ذریعہ اعانت کی گئی۔ بہرحال یہ نقل و حرکت ایل او سی کے پاس تعینات چوکس ہندوستانی آرمی کے جوانوں نے دیکھ لی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی شروع کردہ آتشیں لڑائی کا ہندوستانی آرمی کی طرف سے طاقتور جواب دیا گیا اور فائرنگ کا تبادلہ رات بھر جاری رہا۔ انھوں نے بتایا کہ جوانوں نے گھنے جنگلوں اور مشکل پہاڑی خطوں میں تفصیلی تلاشی مہم چلائی گئی ، جس میں دو ممکنہ پاکستانی سپاہیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی اور کسی جنگ کیلئے محفوظ اسلحہ کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی۔ تلاشی مہم سیکٹر میں ہنوز جاری ہے تاکہ علاقہ کو دراندازوں سے پاک کیا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ ایسی اطلاع بھی ہے کہ چند دیگر درانداز پاکستانی فائرنگ اور مشکل موسمی حالات اور حد بصارت میں کمی کا فائدہ اٹھاکر فراری میں کامیاب ہوگئے۔