مال برداری کی لاگت میں کمی اور معیشت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال
نئی دہلی، 11 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں مال ڈھلائی کی لاگت میں کمی اور ہندوستانی معیشت میں اس شعبے کی شراکت داری بڑھانے کے لئے کل سے قومی دارالحکومت میں دوسری ‘مال ڈھلائی کانفرنس’ لاجسٹک انڈیا 2019 کا انعقاد کیا جائے گا۔ کامرس و صنعت کی مرکزی وزارت نے بدھ کو یہاں بتایا کہ اس کانفرنس میں ملک و بیرون ممالک کی 300 سے زائد کمپنیاں شراکت داری کریں گی۔ یہ کانفرنس لاجسٹک انڈیا 2019 دو دن تک چلی گی اور اس میں بین الاقوامی اور ہندوستانی کمپنیوں اور دیگر فریق شرکت کریں گے ۔ کانفرنس میں تقریباً 25 سے زائد ممالک سرگرم طور پر حصہ لے رہے ہیں۔کانفرنس کا افتتاح کامرس و صنعت کے مرکزی وزیر مملکت سوم پرکاش کریں گے اور کامرس سیکرٹری انوپ وادھون بھی اس موقع پر موجود رہیں گے ۔ کانفرنس میں کامرس و صنعت کی وزارت کے علاوہ متعلقہ وزارتوں اور ریاستی حکومتوں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے ۔ کانفرنس کا انعقاد انڈین ایکسپورٹ فیڈریشن کے تعاون سے کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایک اہل اور موثر مال ڈھلائی نظام، عالمی مسابقت میں اپنا مقام بنانے اور کاروبار کی سہولت اور ان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ اس سے نہ صرف اخراجات میں کمی آتی ہے بلکہ جوابدہی میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ حکومت ملک میں ایک موثر مال ڈھلائی نظام کے لئے سبھی طرح کی کوششیں کر رہی ہے ۔ لاجسٹک انڈیا بین الاقوامی تجارت کے لئے مال ڈھلائی سہولت کو فعال بنائے گا اور مال کو موثر اور تسلسل فراہم کرنے میں مدد کرے گا۔
