حیدرآباد 31 اکتوبر (سیاست نیوز ) پب جی گیم سے دوستی کا آغاز اور انجام قتل تک پہنچا ۔ کوکٹ پلی حدود میں قتل کی سنگین واردات پیش آئی جہاں 26 سالہ نوین کا اس کے ساتھی پروین نے قتل کردیا۔ لاج میں ملاقات اور مئے نوشی کے بعد نوین کا گلہ کاٹ کر قتل کردیا گیا۔ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ نوین ایک ماہ قبل باپٹلہ آندھرا پردیش سے حیدرآباد آیا جو دولہ پلی میں اپنے رشتہ دار بھائی کے ساتھ رہتا تھا۔ پولیس کے مطابق نوین روزگار کی تلاش میں تھا۔ نوین اور پروین میں دوستی تھی اور ان کے درمیان مشتبہ تعلقات کا شبہ ہے۔ ان کی دوستی پب جی گیم کے ذریعہ ہوئی تھی۔ حیدرآباد میں ملاقات سے قبل سابقہ میں دونوں نے بنگلورو میں بھی ملاقات کی تھی اور ساتھ وقت گذار تھا۔ 29 اکتوبر کو دونوں میں بات ہوئی اور ملاقات طے پائی۔ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ میں واقع ایس ایس ریسیڈنسی لاج میں ایک کمرہ بک کردیا۔ نوین کے آنے کے بعد دونوں نے رات مئے نوشی کی ۔ پولیس کے مطابق مئے نوشی کے دوران جھگڑا ہوا اور پروین نے نوین پر حملہ کرکے چاقو سے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ ع