لارا ولیمس نے حیدرآباد میں نئی امریکی کونسل جنرل کا جائزہ حاصل کرلیا

   

دونوں ممالک کے رشتوں میں استحکام کی مساعی کریں گی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد میں واقع امریکی کونسلیٹ میں نئے کونسل جنرل کے طورپر لارا ای ولیمس نے جائزہ حاصل کرلیا۔ لارا ولیمس امریکی فارن سرویس کی ایک سینئر عہدیدار ہیں جو سفارتی امور کے علاوہ ٹکنالوجی اور اختراعات میں تجربہ رکھتی ہیں اور ان شعبہ جات میں اہم رول ادا کرنے کی خواہاں نئی امریکی کونسل جنرل نے کہا کہ مجھے حیدرآباد کے کونسلیٹ میں خدمات انجام دینے کا موقع باعث فخر ہے۔ انہوں نے تلنگانہ ، آندھراپردیش اور اڈیشہ میں ہند۔امریکی پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرنے کے منصوبہ کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصہ سے عوام کے درمیان خوشگوار اور مستحکم روابط ہیں۔ امریکی مفادات کا تحفظ اور امریکی حکومت اور امریکی عوام کے اقدار کی نمائندگی کرنے کا موقع حاصل ہوا ہے۔ لارا ولیمس نے سابق میں یو ایس ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹ میں ڈپٹی چیف انفارمیشن آفیسر برائے انٹرپرائز سرویسز کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے واشنگٹن میں واقع سفارتی اداروں اور دنیا بھر میں واقع سفارت خانوں کو انفارمیشن ٹکنالوجی سے مربوط کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ وہ نالج مینجمنٹ اور اختراعی ٹکنالوجی میں خاصہ تجربہ رکھتی ہیں۔ لارا ولیمس نے نکوشیا ، الجیرس ، روم اور میکسیکو سٹی میں امریکی سفارت خانوں میں
خدمات انجام دی ہیں۔ واشنگٹن میں واقع اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ہیڈکوارٹرس میں وہ کئی شعبہ جات کی ذمہ داری نبھائی جس میں ڈپلومیٹک ٹکنالوجی بیورو ، سکریٹری آپریشن سنٹر، رکروٹمنٹ آفس ، فارن سرویس انسٹی ٹیوٹ ، اسکول آف اپلائیڈ انفارمیشن ٹکنالوجی ، سائبر اسپیس، ڈیجیٹل پالیسی بیورو اور سنٹر فار انالیٹکس شامل ہیں۔ فارن سرویس میں شمولیت سے قبل لارا ولیمس نے امریکی نیوی سبمرین کمانڈ ، ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹ کونسلر افیرس بیورو اور انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایجنسی میں خدمات انجام دیں ۔ امریکی یونیورسٹی سے انٹرنیشنل ریلیشن میں بی اے کی ڈگری حاصل کی اور ٹکنالوجی اور پراجکٹ مینجمنٹ میں کئی سرٹیفکٹس حاصل کئے۔ انہیں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے بھی سرٹیفکٹس حاصل ہوا۔ لارا ولیمس نے سبکدوش کونسل جنرل جنیفر لارسن سے اظہار تشکر کیا۔ جنہوں نے اپنی میعاد کے دوران دونوں ممالک کے رشتوں کے استحکام میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جنیفر لارسن کی روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کو بہتر بنائیں گی۔1