لارا ویسٹ انڈیز کے بیٹسمینوں کو ٹریننگ دیں گے

   

پورٹ آف اسپین ۔17 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان اورچمپئن بیٹسمین برائن لارا کو اپنے بیٹسمینوں کو بیٹنگ کے گر سکھانے کی ذمہ داری سونپ دی۔ سابق اسٹار رام نریش سروان بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔ ماضی کے مایہ کرکٹرز یہ ذمہ داری ہندوستان کے خلاف دو ٹسٹ کی سیریز کیلئے دیا گیا ہے۔ پہلا ٹسٹ 22 اگست کو اینٹیگا اوردوسرا 30 اگست سے جمائکا میں کھیلا جائے گا۔50 سالہ لارا اورسروان ٹسٹ سیریز سے قبل مختصر تربیتی کیمپ کے دوران 13 رکنی کیریبین اسکواڈکے ساتھ اپنا تجربہ بانٹیں گے۔کرکٹ ویسٹ انڈیز کے ڈائریکٹر جمی ایڈمزنے اس بارے میںکہا ہے کہ ہم لارا اور سروان کے شکرگذار ہیں، انہوں نے ٹیم کیلئے وقت نکالا۔ ہماری ٹیم میں بہت اچھے نوجوان بیٹسمین موجود ہیں جو یقینی طور پر سابق عظیم کھلاڑیوں سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ لارا کو ٹسٹ کرکٹ میں 400 رنزاورفرسٹ کلاس کرکٹ میں 501 رنز کی عالمی ریکارڈ اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔