لارا ویلیمس کو امریکی قونصل جنرل حیدرآباد کی ذمہ داری

   

میعاد کی تکمیل پر جنیفر لارسن کا وداعی پیام

حیدرآباد۔30جولائی (سیاست نیوز) امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد جنیفر لارسن کی میعاد کی تکمیل کے بعد وہ حیدرآباد سے روانہ ہونے والی ہیں اور ان کی جگہ حکومت امریکہ محترمہ لارا ویلیمس کو امریکی قونصل جنرل حیدرآباد متعین کیا ہے جو کہ آئندہ ہفتہ اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ لیں گی۔محترمہ جنیفر لارسن نے اپنے Xکھاتہ پر جاری کئے گئے وداعی ویڈیو پیام میں تلنگانہ ‘ آندھراپردیش اور اوڈیشہ میں ان کی خدمات کا مختصر احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنوبی ہند کی ان ریاستوں میں اپنے خدمات کے دور سے مطمئن ہیں اور وہ ان ریاستوں سے بہترین یادیں اور خوشگوار لمحوں کے ساتھ واپس ہو رہی ہیں۔جنیفر لارسن نے اپنے ویڈیو میں پرانے شہر میں چائے کی چسکی ‘ ویزاگ کے ساحلوں اور اوڈیشہ کی تہذیب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان یادوں کے ساتھ روانہ ہورہی ہیں ۔ انہو ںنے بہ حیثیت امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد کے دور میں نانک رام گوڑہ میں قونصل خانہ کی نئی عمارت میں منتقلی کے علاوہ اس دور میں ہونے والی ملاقاتوں کو یادگار قرار دیا اور کہا کہ ان کے لئے یہ دور ناقابل فراموش ہے۔جنیفر لارسن کی میعاد کی تکمیل اور ان کی روانگی سے قبل حکومت امریکہ نے محترمہ لارا ویلیمس کو قونصل جنرل امریکہ حیدرآباد کی ذمہ داری تفویض کی ہے۔سینیئر خارجہ عہدیدار لارا ویلیمس قونصل جنرل حیدرآباد تعینات کئے جانے سے قبل ڈپٹی چیف انفارمیشن آفیسر فار انٹرپرائز سروسیس‘ بیورو آف ڈپلومیٹک ٹکنالوجی میں خدمات انجام دے رہی تھیں ۔قبل ازیں وہ دنیا کے مختلف ممالک میں موجود امریکی سفارتخانوں میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکی ہیں جن میں میکسیکو سٹی ‘ الجیریاء ‘ نکوسیا کے علاوہ روم شامل ہیں جہاں امریکی سفارتخانوں میں انہوں نے خدمات انجام دی ہیں۔امریکی وزارت خارجہ میں شمولیت سے قبل لارا ویلیمس بحری آبدوز کمانڈ‘ امریکی ایجنسی برائے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ‘ کے علاوہ امریکی امور قونصل کے ساتھ بھی خدمات انجام دے چکی ہیں ۔انہو ںنے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں بھی کئی عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ذرائع کے مطابق امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کی حیثیت سے لارا ویلیمس آئندہ ہفتہ کے اوائل میں جائزہ حاصل کریں گی۔3