ہندوستان تیسرے ٹسٹ میں 78 رنز پر ڈھیر
لیڈز۔ہندوستانی ٹیم جس نے گزشتہ ٹسٹ میں لارڈزکے تاریخی میدان پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف رواں 5 مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی تھی لیکن آج تیسرے ٹسٹ کے پہلے دن صرف 40.4 اوورس میں 78 رنز پرڈھیر ہوگئی حالانکہ ہندوستان نے ٹاس جیتا تھا ۔ہندوستان کی اننگز کو تباہ کرنے میں تجربے کا ر فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن نے کلیدی رول ادا کیا جیسا کہ انہوں نے ٹاپ آرڈر کو تباہ کیا ۔ایک موقع پر ہندوستان 4 کے مجموعی اسکور پر کے ایل راہول(0 ) اور پچارا (1 ) کے وکٹیں گنواچکا تھا جس کے بعد کپتان ویراٹ کوہلی بھی صرف 7 رنز بناکر 56 رنز کے اسکور پر اینڈرسن کا تیسرا شکار بنے ۔اینڈرسن نے ابتدائی تین وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ہندوستانی بیٹنگ شعبہ کو شدید نقصانات پہنچائے جس کے بعد سام کرن اور گریک اوور ٹن نے باقی کا کام کیا جیسا کہ اس جوڑی نے اپنے درمیان 5وکٹیں بانٹ لی جبکہ اوولی رابن سن نے بھی 2 وکٹیں لی۔ہندوستان کیلئے روہت شرما 19 رنز اور راہانے نے 18 رنز اسکور کئے ۔روہت اور راہانے کے علاوہ دوسرا کوئی بیٹسمین دہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکا ۔اینڈرسن نے 8 اوورس میں 6 رنز کے عوض 3 جبکہ اوورٹن نے 14 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔