مرکز کی جانب سے شعبہ ٹرانسپورٹ کے مسائل کو نظر انداز کرنے پر اظہار ناراضگی
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) ملک گیر سطح پر موٹر ٹرانسپورٹ شعبہ کو درپیش مختلف مسائل اور ان مسائل کی یکسوئی کو مرکزی حکومت کی جانب سے نظرانداز کردینے کے طریقہ کار کے خلاف آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس نے ملک گیر سطح پر بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلہ کی روشنی میں آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس کی اپیل پر کل یعنی 19 ستمبر کو ملک گیر سطح پر لاری آپریٹرس بڑے پیمانے پر ہڑتال منظم کریں گے۔ آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس کے مطابق ملک گیر سطح پر منظم کی جانے والی ایک روزہ ہڑتال کے باعث زائد از 4.5 لاکھ لاریاں مکمل طور پر روک دی جائیں گی۔ آندھرا پردیش لاری اونرس اسوسی ایشن قائدین نے بتایا کہ آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس کی لاری ہڑتال کی اے پی لاری اونرس اسوسی ایشن کی جانب سے مکمل تائید و حمایت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس ہڑتال کو کامیاب بنانے کی تمام لاری مالکین سے پرزور اپیل کی۔ ان قائدین نے مزید بتایا کہ حالیہ دنوں میں مرکزی حکومت کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالانات کی رقم میں کئے گئے اضافہ سے دستبرداری اختیار کرنے ، ٹول پلازا پر وصول کی جانے والی رقم میں کمی کرنے ، ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کرنے ، تھرڈ پارٹی انشورنس پریمیم رقم میں کمی کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔