لازمی شعبہ کے ملازمین کیلئے مالی ترغیبات

   

صحت، پولیس ‘ بلدیہ کے برسر کار ملازمین کو فائدہ ہوگا
حیدرآباد21اپریل (سیاست ڈاٹ کام)تلنگانہ حکومت نے کوویڈ19کے راحت کاموں سے منسلک صحت،طب،سینی ٹری،پولیس اور دیگر متعلقہ ملازمین کی خدمات کے اعتراف میں ان کی حوصلہ افزائی کے طورپر مالی ترغیبات منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلہ میں ایک سرکاری حکم آج جاری کیاگیا ہے۔اس حکم میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے اپریل 2020کے ماہ کیلئے مختلف زمروں کے ملازمین کیلئے چیف منسٹر کے خصوصی ترغیبات کی منظوری دی ہے۔ محکمہ صحت وطبابت کے تمام مستقل،کنٹراکٹ،آوٹ سورسنگ ملازمین کو ان کی مجموعی تنخواہ یا معاوضہ میں دس فیصد خصوصی ترغیبی رقم دی جائے گی۔پولیس کے تمام مستقل،کنٹراکٹ یا آوٹ سورسنگ ملازمین کو بھی ان کی مجموعی تنخواہ پر دس فیصد ترغیبی رقم کا اضافہ دیا جائے گا۔جی ایچ ایم سی کے تمام مستقل،کنٹریکٹ،آوٹ سورسنگ سینی ٹینشن ملازمین کو 7500روپئے، واٹر ورکس کے تمام مستقل،آوٹ سورسنگ ملازمین،لائن مین اور سیوریج ورکرس کو 7500 روپئے،جی ایچ ایم سی کے سوا دیگر بلدیات کے تمام مستقل، آوٹ سورسنگ ملازمین کوپانچ ہزار روپئے،گرام پنچایتوں کے تمام مستقل، آوٹ سورسنگ ملازمین کوپانچ ہزار روپئے دیئے جائیں گے۔یہ ترغیبی رقم صرف ان ملازمین کے لئے ہی ہوگی جنہوں نے ماہ اپریل میں ڈیوٹی انجام دی ہو اور ان ملازمین کے لئے نہیں ہوگی جو رخصت پر ہیں،معطل ہیں یا غیر مجازطورپر غیر حاضر ہیں۔