تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے این آر آئیز سے تعاون کی خواہش
حیدرآباد۔/20 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے کیلئے دورہ امریکہ پر پہنچے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کا لاس اینجلس میں شاندار استقبال کیا گیا۔ لاس اینجلس میں مقیم غیر مقیم ہندوستانیوں اور ٹی آر ایس کارکنوں نے کے ٹی آر کا استقبال کیا اور ریاست کی ترقی کو سراہا۔ اس موقع پر کے ٹی راما راؤ نے این آر آئیز سے مختلف موضوعات پر بات چیت کی اور تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے حالیہ برسوں میں کئی بین الاقوامی اداروں کی جانب سے سرمایہ کاری کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے ذریعہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں بہتر انفرااسٹرکچر کی فراہمی کیلئے میرا گاؤں، میرا اسکول پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے این آر آئیز سے اپیل کی کہ وہ اس پروگرام میں شامل ہوتے ہوئے فراخدلانہ عطیات پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم تلنگانہ کے شہریوں کو حکومت کے سفیر کی طرح کام کرنا چاہیئے تاکہ ریاست میں ترقی میں اضافہ ہو۔ کے ٹی آر نے امید ظاہر کی کہ ان کا دورہ امریکہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں کامیاب ثابت ہوگا۔ر