لاش کورونا سے مثبت ، آخری رسومات میں شرکت کرنے والے الگ تھلگ

   

حیدرآباد 3 جون ( یو این آئی) حیدرآباد سے آخری رسومات کے لئے اے پی لائی گئی لاش کورونا سے مثبت پائی گئی۔یہ لاش حیدرآباد کے منی کونڈا علاقہ سے اے پی کے ضلع گنٹور کے ستن پلی لائی گئی تھی تاہم جب ڈاکٹرس نے اس لاش کا معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ اس شخص کی موت کورونا سے ہوئی تھی۔ستن پلی کا خاندان حیدرآباد کے منی کونڈا علاقہ میں کپڑے کی تجارت کرتا ہے ۔اس خاندان سے تعلق رکھنے والے 62سالہ ضعیف شخص کو دل کا دورہ پڑا جس پر اس شخص کو حیدرآباد کے سرکردہ ہاسپٹل منتقل کیاگیاجہاں علاج کے دوران اس کی موت واقع ہوگئی۔آخری رسومات کے لئے لاش کو اسی شام ستن پلی لایاگیاتاہم چیک پوسٹ کے قریب پولیس نے ایمبولنس کو روک دیا اور لاش کو طبی معائنہ کے لئے گنٹور کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیا۔اس لاش کا طبی معائنہ کرنے کے بعد اس کو خاندان کے حوالے کردیاگیااور بعد ازاں آخری رسومات انجام دے دی گئیں۔ منگل کی شب جب اس لاش کی طبی رپورٹس آئیں تو ضعیف شخص کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا جس کے بعد بدھ کی صبح محکمہ صحت وطبابت نے آخری رسومات میں شرکت کرنے والے افراد کی نشاندہی کی اور ان تمام کو گھروں میں ہی الگ تھلگ کردیا گیا۔