حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : اس وقت چین میں پھیلنے والے کرونا وائرس سے ساری دنیا پریشان ہے جب کہ ہندوستان کے کئی علاقوں کے علاوہ حیدرآباد میں بھی اس کی علامتیں ظاہر ہونے کی خبریں ہیں ۔ ڈاکٹروں نے عوامی شعور بیداری کے لیے اس وائرس کے متعلق بنیادی تفصیلات فراہم کرنے کے علاوہ اس کی علامتیں اور احتیاطی تدابیر کا بھی تذکرہ کیا ہے ۔ ڈاکٹروں کے بموجب کرونا وائرس دراصل کئی ایک وائرس کا مجموعہ ہوتا ہے جو کہ انسانی سانس کے نظام پر حملہ آور ہو کر ہلاکت کا سبب بنتا ہے ۔ کرونا وائرس کی وجہ سے چین میں لوگوں نے بدہضمی ، سردی ، بخار ، کھانسی ، سانس لینے میں تکلیف ، دست اور قئے کی شکایت کی ہیں اور یہ ہی اس وائرس کی علامتیں ہیں ۔ کرونا وائرس کا ابھی تک کوئی ٹیکہ یا خاص دوا نہیں ہے لہذا ماہرین نے صرف احتیاطی تدابیر ہی بتائی ہیں کہ اچھے صابن سے بار بار ہاتھ دھویں ۔ سردی زکام کے مریضوں سے دور رہیں ۔ کھانستے اور جھینکتے وقت منہ اور ناک کو ڈھانپ لیں، پالتو جانوروں سے دور رہیں ، کسی کی بھی آنکھ ، چہرے اور منہ کو چھونے سے گریز کریں ۔ چونکہ اس وقت سردی کا موسم ہے اور وبائی امراض کے بڑھنے کے خطرات بھی رہتے ہیں لہذا فی الحال اس لا علاج بیماری سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا راستہ ہی ہے ۔۔